عوام وعدہ کریں مجھے کچھ ہوا تو انصاف دلائیں گے عمران

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے امپورٹڈ حکومت ملک چلانے میں ناکام ہوچکی، روپیہ مسلسل نیچے، مہنگائی اوپر جارہی ہے، ملک کے خلاف سازش امریکا میں تیار ہوئی، پاکستان کے اندر میر جعفروں نے بھی ساتھ دیا، آج مفرور لندن میں بیٹھ کر ملکی فیصلے کر رہے ہیں، لانگ مارچ سے خوفزدہ لوگوں نے میرے قتل کی پلاننگ کر لی، سازشیوں کے نام لیکر ویڈیو ریکارڈ کرا دی ہے، عوام وعدہ کریں مجھے کچھ ہوا تو انصاف دلائیں گے، قوم غلامی قبول کرنے کو تیار نہیں، اسلام آباد پہنچ کر حقیقی آزادی حاصل کریں گے۔ فیصل آباد میں پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ فیصل آباد میں تو ڈیزل کی کمی نہیں ہے، آپ کے جنون کو دیکھ کر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں، میری قوم میرے ساتھ نکل رہی ہے، میں دیکھ رہا ہوں کہ ایک آزاد پاکستان بننے جا رہا ہے، فیصل آباد کی خوشحالی پاکستان کی خوشحالی ہے،  سب سے بڑا مسئلہ ملک میں بے روزگاری ہوتی ہے، میں نے ملک میں روزگار بڑھایا، ہمارے ساڑھے 3 سال میں فیصل آباد کی ٹیکسٹائل انڈسٹری نے تمام ریکارڈ توڑ دیئے، رانا ثناء اللہ نے 18 نہیں 22 قتل کیے ہیں، ان کی حکومت میں تب تک وزارت نہیں ملتی جب تک کوئی بڑا جرم نہ کیا ہو، آپ لوگوں سے صرف دو لفظ سنیں گے چور اور غدار، غلامی سے بہتر موت ہے، پاکستانی قوم نے ابھی اپنے اصل مقام پر پہنچنا ہے، اسلام آباد نکل کر ملک کو ان لوگوں سے آزاد کرانا ہے، بھگوڑا چور لندن میں بیٹھ کر پاکستان کے فیصلے کر رہا ہے، منشیات فروش ضمانت پر ہے اور کابینہ میں ہے، آصف زرداری گاڈ فادر بن کر بیٹھا ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب بھی کوئی حکومت گئی ہے تو لوگ مٹھائی بانٹتے ہیں، میرے جانے کے بعد لوگ سڑکوں پر آگئے، جب سب ٹھیک ہورہا تھا سازش سے حکومت گرائی گئی،  بند کمروں میں کچھ دنوں پہلے پتہ چلا کہ عمران خان کا کیا کریں؟۔ نمائندہ خصوصی کے مطابق عمران خان نے کہا عام انتخابات میں عوام کو قیادت کا حق دیا جائے، جب تک الیکشن نہیں ہوں گے ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ فیصل آباد سے زیادہ لوٹے نکلے ہیں۔ اگر یہاں سے کوئی لوٹا جیت گیا تو آئندہ فیصل آباد نہیں آؤں گا۔ سابق وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا خوشی ہے نہ صرف نوجوان‘ بلکہ بزرگ‘ خواتین اور بچے بھی نکل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ہمارے دور میں کسانوں کو جتنا پیسا ملا کبھی نہیں ملا۔ بند کمروں میں سازش ہو رہی ہے کہ میرے خلاف کیا کرنا ہے۔ یہ لوگ جو اب اوپر بیٹھے ہیں بتائیں کیا ملک سنبھل رہا ہے۔ لیاقت علی خان کے قتل کے پیچھے کون تھا کسی کو پتا  نہیں چلا۔ بھٹو کو پھانسی دی گئی‘ ضیاء الحق کا طیارہ پھٹا کسی کو پتا نہیں چلا کہ پیچھے کون تھا۔ میں نے اپنے قتل کی ویڈیو ریکارڈ کرکے محفوظ کر لی۔ عوام کا سمندر دیکھ کر اسلام آباد والے خوفزدہ ہیں۔ امپورٹڈ  حکومت کو ہم کسی صورت تسلیم نہیں کرتے اور نہ کریں گے۔ یہ سوچتے رہے اس کے ساتھ ہم نے اتنا کیا لیکن یہ بچ کر نکل گیا۔ انہوں نے ایف آئی اے کے افسروں کو تبدیل کر دیا۔ میں اس زہر کو جانتا ہوں جس کے کھانے سے  ہارٹ اٹیک ہو جاتا ہے۔ سپریم کورٹ سے کہتا ہوں ایف آئی اے پر سوموٹو نوٹس لے۔ ڈاکٹر رضوان اور نعمان اصغر کو ہارٹ اٹیک ہوا سپریم کورٹ نوٹس لے۔ اگر خدانخواستہ مجھے کچھ ہوا تو ویڈیو میں جن جن کے نام ہیں ان کو آپ نے پکڑنا ہے۔ رانا ثناء شکل سے بھی قاتل لگتا ہے۔ کرپشن میں ملوث وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بننا ہماری توہین ہے۔ انہوں نے کہا امپورٹڈ حکومت 22 کروڑ لوگوں کی توہین ہے۔ جب نیا وزیرخارجہ امریکہ جائے گا تو یہ آپ کیلئے بات نہیں کرے گا۔ نیا وزیر خارجہ اس لئے بات نہیں کرے گا کہ امریکہ ہم سے ناراض ہو جائے۔ امریکہ کا بھارت سے سٹرٹیجک الائنس ہے اس لئے بھارت کو کچھ نہیں کہتا بھارت آزاد ہے اور امریکہ نے ہمیں غلام بنایا ہوا ہے۔ یہ لوگ کبھی امریکہ کو ناراض نہیں کریں گے۔ ہم نے امریکہ کی غلامی کو کبھی قبول نہیں کرنا۔ شہباز شریف جو بوٹ دیکھتا ہے پالش کرنا شروع کر دیتا ہے۔ امریکہ جاکر کہیں گے ہمیں پیسے دیدو ورنہ عمران خان واپس آ جائے گا۔ امریکہ ان کی مدد نہیں کریگا جب تک ان کے گلے میں زنجیر نہیں ڈالے گا۔ امریکہ کہے گا  روس سے گندم اور تیل نہیں لینا کیونکہ آپ ہمارے غلام ہیں۔ امریکیوں نے ہمیں فتح کئے بغیر غلام بنا رکھا ہے، غلام کی کوئی قدر نہیں ہوتی۔ ہمارے خلاف سوموٹو ایکشن لیا گیا جیسے  ہم نے کوئی بڑا جرم کیا ہے۔ لانگ مارچ کی تاریخ اسی ماہ کی ہو گی۔ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اسلام آباد آنا ہے۔

 عمران خان

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...