اسلام آباد/ ابوظہبی (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شہبازشریف یو اے ای کے صدر کی وفات پر تعزیت کیلئے ابوظہبی میں صدارتی محل گئے۔ شہباز شریف نے یو اے ای کے نو منتخب صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے شیخ خلیفہ بن زید النہیان کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعظم شہبازشریف نے حکومت پاکستان اور عوام کی جانب سے یو اے ای کی قیادت اور عوام سے اظہار افسوس کیا۔ انہوں نے نو منتخب صدر شیخ محمد بن زید النہیان کو امارات کی قیادت سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ وفاقی وزراء خواجہ آصف‘ رانا ثناء اللہ بھی وزیراعظم کے ساتھ تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور یو اے ای کے قریبی بردارانہ تعلقات ہیں۔ شیخ خلیفہ بن زید النہیان کی قیادت میں دوطرفہ تعلقات نئی بلندیوں کو پہنچے۔ شیخ خلیفہ بن زید النہیان پاکستان کے مخلص دوست تھے۔ مرحوم کی خدمات کو پاکستانی حکومت اور عوام ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ وزیر اعظم واپس لاہور پہنچ گئے۔
شہباز شریف کی صدر امارات سے ملاقات قیادت سنبھالنے پر مبارکباد شیخ خلیفہ کی وفات پر تعزیت
May 16, 2022