کارپٹ نمائش: غیرملکی خریداروں کی ترغیب، پیکج کا اعلان کیا جائے،ایسوسی ایشن

لاہور( کامرس رپورٹر)رواں سال ستمبرمیں پاکستان میں منعقدہونے والی کارپٹ کی عالمی نمائش میں شرکت یقینی بنانے کیلئے غیر ملکی خریداروں سے رابطے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،عالمی نمائش کی کامیابی سے پاکستان کے ہاتھ سے بنے قالینوں کی برآمدات میں کئی گنا اضافہ ممکن ہے ،ٹریڈڈویلپمنٹ اتھارٹی غیرملکی خریداروں کو راغب کرنے کیلئے جلدپیکج کا اعلان کرے۔ عالمی نمائش کے حوالے سے ایسوسی ایشن کے گروپ لیڈر عبد اللطیف ملک کی زیر صدارت اجلاس ہوا،جس میں کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف، وائس چیئرمین اعجازالرحمان، سینئر ایگزیکٹوممبر ریاض احمد، سعید خان، عثمان اشرف، اکبر ملک،دانیال حنیف،فیصل سعید خان سمیت دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں غیر ملکی خریداروں سے رابطوں اورنمائش کی کامیابی کے حوالے سے مختلف تجاویز زیرغور آئیں۔ اس موقع پر سابق نمائشوں میںشرکت کرنے اورنئے خریداروں کو راغب کرنے کیلئے بھی تجویز طلب کی گئی۔ عبداللطیف ملک نے کہا کہ حکومت کے تعاون اور سرپرستی کے بغیرنمائش کی کامیابی ممکن نہیں ، اس سلسلہ میں خط و کتابت شروع کر رہے ہیں اور جلد باضابطہ ملاقاتیں بھی کی جائیں گی۔

ای پیپر دی نیشن