لودھراں(خبر نگار) ترین ایجوکیشن فائونڈیشن کے زیر اہتمام کیریئر کونسلنگ سیشن کا انعقاد‘ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں کیریئر کونسلنگ کے سب سے بڑے ادارے ایجو ویثرن اسلام آباد کے سی ای او یوسف عالم نے کہا کہ پاکستان ایک ایسا ملک ہے کہ جس میں ایف اے/ ایف ایس سی کے بعد 650 شعبوں میں تعلیم حاصل کرنے کے آپشنز موجود ہیں لیکن ہمارے ہاں طلبا و طالبات کو اندازہ نہیں ہے کہ ان کو کیسے اور کون سا کیرئیر منتخب کرنا ہے اور نہ ہی طلبا و طالبات کے پاس اپنی پڑھائی کی درست سمت کے انتخاب کے لئے جدید معلومات کی آگاہی ہوتی ہے۔کیرئیر کونسلنگ سیمینار میں مختلف پرائیویٹ کالجز کے 250 سے زائد طلبا و طالبات ،اساتذہ اور پرنسپل صاحبان نے حصہ لیا۔ سیشن میں ڈائریکٹر بی زیڈ یو کیمپس ساجد ندیم، اسپائر کالج کے پرنسپل فرحان ساجد، علامہ اقبال کالج کے پرنسپل اسرار الحق، ایمز کالج کے پرنسپل محمد شریف، ایم ڈی منہاج کالج ملک طارق نواز ، ترین ایجوکیشن فائونڈیشن کے اسسٹنٹ پروگرام منیجر محمد یعقوب و دیگر نے شرکت کی۔