آسٹریلین کرکٹ لیجنڈ اینڈریو سائمنڈز کار حادثے میں ہلاک

May 16, 2022

لاہور(سپورٹس رپورٹر)آسٹریلین کرکٹ لیجنڈ اینڈریو سائمنڈز کار حادثے میں ہلاک ہوگئے۔ آسٹریلین پولیس کے مطابق حادثہ رات 11بجے کے بعد ٹاونزول کے قریب پیش آیا۔گاڑی میں 46 سالہ شخص سوار تھا جو زخموں کی تاب نہ لاسکا، ایک شخص نے متاثرہ شخص کو بچانے کی کوشش کی تھی۔ اینڈریو سائمنڈز کی فیملی نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے اظہار ہمدردی کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔46 سالہ سائمنڈز نے 198 ون ڈے، 26 ٹیسٹ اور 14 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی۔ اینڈریو سائمنڈز دو مرتبہ ورلڈ چیمپئن سکواڈ کا حصہ بھی رہے۔انڈریو سائمنڈز شین وارن کے بعد اس سال انتقال کرجانے والے دوسرے آسٹریلوی کھلاڑی ہیں۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ’اینڈریو سائمنڈز کی ہلاکت کی خبر انتہائی افسوسناک اور چونکا دینے والی ہے۔بابر اعظم نے آسٹریلین کرکٹر کی ہلاکت کی خبر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے دوستوں اور اہل خانہ سے تعزیت بھی کی۔سابق کپتان شاہد آفریدی نے ٹویٹ میں کہا کہ میں اینڈریو سائمنڈز کے دوستوں، خاندان اور مداحوں سے دلی تعزیت کرتا ہوں۔اس دنیا سے جانے کا کوئی وقت مقرر نہیں ہے اس لیے ہمیں ہر دن خوشی کیساتھ گزارنا چاہیے اور دنیا کیلئے اچھی یادیں بننا چاہیے۔شین وارن اور اینڈریو نے کرکٹ کیلئے بہت سی خدمات سرانجام دیں۔ سابق فاسٹ بائولر شعیب اختر نے سابق آسٹریلوی کرکٹر اینڈریو سائمنڈز کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا اور لکھا کہ اینڈریو سائمنڈز کی حادثے میں موت کا سن کا دھچکا لگا ہے۔سائمنڈز کے ساتھ فیلڈ میں اور فیلڈ سے باہر اچھا تعلق رہا۔

مزیدخبریں