آئندہ ہفتے ملک بھر میں گرمی کی شدید لہریں متوقع ہیں: ڈپٹی کمشنر ننکانہ

May 16, 2022


ننکانہ صاحب(نامہ نگار)محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ پورے ہفتے ملک بھر میں گرمی کی شدید لہریں متوقع ہیں، شہری شدید گرمی سے بچنے کے لئے خصوصی احتیاطی تدابیر پر اختیار کریں اور بلا ضرورت گھروں سے باہر نکلنے سے اجتناب کریں۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب زاہد پرویز وڑائچ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ شہری پورا ہفتہ دن کے اوقات میں زیادہ سے زیادہ سے وقت گھروں کے اندر گزاریں، ڈھیلے ڈھالے ہلکے رنگ کے کپڑے زیب تن کریں، شہری گھروں سے نکلتے وقت چھتری اور پانی کی بوتل ساتھ رکھیں،سر، گردن اور چہرے کو ڈھانپ کر رکھیں انہوں نے کہا کہ شہری دھوپ کے چشموں کا استعمال کریں، دھوپ میں کھڑی بند گاڑی میں نہ بیٹھیں اور نہ ہی بچوں کو بٹھائیں، دھوپ میں نکلتے وقت سر پر کپڑا یا ٹوپی وغیرہ ضرور رکھیں انہوں نے کہا کہ بخار، جسم پر دانے ، تیز نبض، غنودگی، ہیٹ سٹروک کی علامات ہیں ، شہری اپنا اور اپنے گھروں والوں کی صحت کا خصوصی خیال رکھیں اس سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر کے تمام ہسپتالوں میں متاثرہ مریضوں کے علاج کیلئے تمام ضروری ادویات اور لوازمات مکمل ہیں۔
 جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہیٹ سٹروک سے متاثرہ افراد کے لیے 06 مقامات پر کیمپ بھی قائم کیے جا چکے ہیں، قائم کیے جانے والے کیمپس میں ریسکیو 1122 سمیت مختلف محکمہ جات کی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے شہریوں کو ہیٹ سڑوک سے محفوظ رکھنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں، ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ضلع بھر کے مختلف مقامات پر لوگوں کے پینے کے لئے صاف اور ٹھنڈے پانی کی ٹینکیاں بھی رکھوادی گئی ہیں۔ 

مزیدخبریں