شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت) انصاف ویلفیئر ونگ کے سابق ضلعی صدر اور پی پی حلقہ 140 سے صوبائی اسمبلی کے امیدوار ڈاکٹر محمد اسلم خان شیروانی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی دھونس کی سیاست سے ریاست کو نقصان پہنچ رہا ہے اتحادی حکمران تحمل،تدبر اور سیاسی فہم و فراست سے عاری ہیں عوام نے زر اور زور کی سیاست کیخلاف طبل جنگ بجا دیا، ضمیر فروش یقینا آئندہ انتخابات میں بری طرح ناکام ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پی ٹی آئی کے سینئر رہنماء حماد سعید خان ترین اور زبیر خان کے ہمراہ ایک نجی تقریب میں ریٹائرڈ میجر جرنل طارق جاوید سے خصوصی ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا، ڈاکٹر محمد اسلم خان شیروانی نے مذید کہا کہ اقتدار کیلئے آئین کو موم کی ناک اور سیاسی روایات کومذاق نہ بنایا جائے تخت لاہور پر موروثی سیاست کے بوجھ سے عوام کا احساس محرومی مزید بڑھ جائیگا، انہوں نے کہا کہ نواز لیگ جمہوری جماعت نہیں نہ ہی پیپلز پارٹی جمہوری اقدار کا فروغ چاہتی ہے۔