ننکانہ صاحب(نامہ نگار خصوصی+نامہ نگار) سابقہ وفاقی وزیر داخلہ اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ عمران خان کی مقبولیت سے عالمی دنیا بھی پریشان ہے،عالمی طاقتیں اپنے مفادات کے تحفظ کے لئے مختلف ممالک میں مداخلت کرتی ہیں،سابقہ ادوار حکومتوں میں حلقہ NA118کے لئے آنے والے دس ارب روپے کے فنڈز خوردبرد کئے گئے جس کی تحقیقات ہونی چاہئے،پاکستان کے مستقبل کے فیصلے لندن کی بجائے پاکستان میں ہی ہونے چاہئے،موجودہ حکومت چند مہینوں کی مہمان ہے، ننکانہ صاحب میں مسلم لیگ ن ہمارے شروع کئے منصوبوں کا کریڈت لینے کی ناکام کوشش کر رہی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ اپنے دفتر میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ننکانہ صاحب میں ٹریفک کے دباؤ کی وجہ سے شہریوں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا جن کے خاتمے کے لئے اٹھارہ کروڑ روپے کی لاگت سے نیا کشمیر روڈ بنایا گیا جس سے نہ صر ف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوا بلکہ ٹریفک کی بلا رکاوٹ روانی میں بھی بہت مدد ملی ہے۔
اور آئے روز تجاوزات کے خلاف آپریشن کے نام پر شہریوں کو بلیک میل کرنے کا بھی خاتمہ ہوا ہے انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ کمیشن مافیا کی حوصلہ شکنی ہے جبکہ سابقہ دور حکومت میں ترقیاتی منصوبوں میں کمیشن لے کر ٹھیکیداروں کو کرپشن کی کھلم کھلا چھٹی دے دی گئی تھی،ہمیں بحثیت قوم چور کو چور اور ڈاکو کو ڈاکو کہنا چاہئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کی مقبولیت میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے جس سے خائف ہو کر سیالکوٹ میں پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنا ن کو انتقامی کاروائی کا نشانہ بنایا گیا اور عمران خان کے خلاف سازش تیار کی گئی ہے،پوری قوم اس سازش سے آگاہ ہو گئی ہے۔
عمران خان کی مقبولیت سے عالمی دنیا پریشان ہے: اعجاز احمد شاہ
May 16, 2022