سڈنی(آئی این پی)کرکٹ آسٹریلیا نے کہا ہے کہ سابق آل رائونڈر اور دو مرتبہ ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کا حصہ رہنے والے اینڈریو سائمنڈز کوئنزلینڈ میں کار حادثے میں ہلاک ہوگئے۔اینڈریو سائمنڈز کی عمر 46سال تھی، انہوں نے آسٹریلیا کی جانب سے 1998سے 2009کے درمیان 26ٹیسٹ میچز سمیت 238میچ کھیلے۔وہ 2003اور 2007میں آسٹریلیا کی ورلڈ کپ کی فاتح ٹیموں کے رکن بھی رہے اور 14ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کے علاوہ 198 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں بھی ملک کی نمائندگی کی۔قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ، شعیب اختر،شاہد آفریدی سمیت ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں نے نے آسٹریلین کرکٹ لیجنڈ اینڈریو سائمنڈز کے کار حادثے میں ہلاکت پر اظہارِ تعزیت کیا ہے۔بابر اعظم نے فوٹواینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر آسٹریلین کرکٹر اینڈریو سائمنڈز کی ایک یادگار مونوکروم فوٹو شیئر کی ہے۔پولیس کے مطابق حادثہ ہفتے کی رات 'ٹانس ویل سے 50کلومیٹر دور 'ہروے رینج' پر پیش آیا، اینڈریو سائمنڈز کار خود چلا رہے تھے، گاڑی سڑک سے ہٹ کر پلٹ گئی تھی جبکہ حادثہ ایک ہی گاڑی کا معلوم ہوتا ہے۔کوئنزلینڈ پولیس کے مطابق حادثے کے بارے میں تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین لاشلین ہینڈرسن نے کہا کہ کرکٹ آسٹریلیا نے ایک اور بہترین کھلاڑی کو کھو دیا ہے۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ انڈریو سائمنڈز نے 2 ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے ٹوئٹ میں کہا کہ اینڈریو سائمنڈز کی موت کا سن کر تکلیف ہوئی اور دل ٹوٹ گیا۔ وہ حقیقی آزاد شخص اور غیرمعمولی صلاحیتوں کے مالک تھے۔راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے جانے جانے والے پاکستانی کرکٹر شعیب اختر نے ٹوئٹ میں کہا کہ آسٹریلیا میں کار حادثے میں اینڈریو سائمنڈز کی موت کا سن کر بہت افسوس ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے میدان کے اندر اور باہر مثالی تعلقات تھے، ان کے اہل خانہ کے لیے دعا کرتے ہیں۔آسٹریلیا کے سابق کپتان کرکٹر اور کمنٹیٹر ایڈم گلکرسٹ نے ٹوئٹ میں کہا کہ بہت دکھ ہوا۔بھارتی کرکٹر ہربجھن سنگھ نے ٹوئٹ میں کہا کہ اینڈریو سائمنڈز کے اچانک انتقال کی خبر سن کر صدمہ ہوا، بہت جلدی چھوڑ گئے، انہوں نے سائنمڈز کے اہل خانہ اور دوستوں سے دلی تعزیت کی ہے۔
آسٹریلوی سابق کرکٹر اینڈ ریو سائمنڈز کار حادثے میں ہلاک
May 16, 2022