ساری دنیا کے ہیرے جواہرات بھی دےدیں تب بھی یہ شرٹ نہیں بیچوں گا‘ ابو بکر

جب عمران خان کے سامنے پہنچا تو کانپ رہا تھا‘یقین ہی نہیں آرہا تھا جس انسان سے ملنے کی خواہش تھی اس سے مل رہا ہوں ‘ عمران خان میری جان ہیں اور ‘لوگ پوچھتے ہیں کہ عمران خان سے اتنی محبت کیوں ہے تو میرا کہنا ہوتا ہے کہ یہ پہلا لیڈر ہے جس نے اقوام متحدہ میں تقریر کرتے ہوئے کلمہ پڑھا اور اسلاموفوبیا پر آواز اٹھائی‘اگر کچھ دن بعد انھوں نے ایسا کیا تو وہ سب پیسے شوکت خانم اسپتال میں دےدوں گا‘عمران خان کے مداح ننھے ابوبکر کا مختلف ٹی وی چینلز کو انٹرویو

تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے آٹوگراف والی شرٹ کی بولی 6 کروڑ تو لگ چکی ہے لیکن میں اسے نہیں’ بیچوں گا۔ دنیا بھر کے ہیرے جواہرات اور دولت میرے سامنے رکھ دیئے جائیں تو بھی اس قمیض کی قیمت نہیں بن سکتے‘۔یہ کہنا ہے ننھے ابوبکر کا جن کی ملاقات پچھلے دنوں سابق وزیراعظم عمران خان سے ہوئی اور انھیں عمران خان نے قمیض پر ہی آٹو گراف دیا۔اس وقت سے ابو بکر میڈیا چینلز کو کئی انٹرویو دے چکے ہیں۔ مختلف ٹی وی چینلز کو دئیے گئے اپنےانٹرویوز میں ننھے ابوبکر کا کہنا ہے کہ جب وہ عمران خان کے سامنے پہنچے تو کانپ رہے تھے انھیں یقین ہی نہیں آرہا تھا کہ جس انسان سے ملنے کی انھیں خواہش تھی وہ اس سے مل رہے ہیں۔ابوبکر نے کہا کہ عمران خان ان کی جان ہیں اور ان سے مل کر انھیں زندگی کی سب سے بڑی خوشی مل گئی۔ابوبکر کا کہنا ہے کہ لوگ ان سے پوچھتے ہیں کہ انھیں عمران خان سے اتنی محبت کیوں ہے تو وہ کہتے ہیں کہ یہ پہلے لیڈر ہیں جنھوں نے اقوام متحدہ میں تقریر کرتے ہوئے کلمہ پڑھا اور اسلاموفوبیا پر آواز اٹھائی۔ اس دن سے ان کے دل میں عمران خان کے لئے محبت پیدا ہوگئی۔ عمران خان کے آٹوگراف والی شرٹ بیچنے کے لئے ابوبکر ویسے تو تیار نہیں لیکن ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر کچھ دن بعد انھوں نے ایسا کیا تو وہ سب پیسے شوکت خانم اسپتال میں دے دیں گے۔

ای پیپر دی نیشن