اسلا م آبا د (خصوصی نامہ نگار)وزیر مملکت برائے امور خارجہ امور حنا ربانی کھر نے یورپ اور ایشیا بحرالکاہل کے درمیان بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا ہے۔ تفصیلا ت کے مطا بق سٹاک ہوم میں یورپ انڈوپیسفک وزارتی فورم میں گول میز مباحثے میں اظہار خیال کرتے ہوئے ایشیا کے سنگم پر واقع پاکستان میں تجارت، سرمایہ کاری اور روابط کے فروغ میں کردار کو اجاگر کیا جو یورپی شراکت داروں کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا خواہشمند ہے۔انہوں نے ای یو گلوبل گیٹ وے سٹریٹجی اور گرین ڈیل جیسے یورپ کے پائیدار روابط بڑھانے کے اقدامات کو سراہا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ یورپی یونین کی نئی جی ایس پی پلس سہولت سے پائیدار ترقی کو فروغ دینے اور غربت کے خاتمے کے بنیادی مقصد پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔وزیر مملکت نے ماحولیاتی تبدیلی، وبائوں، پانی، توانائی اور خوراک کے تحفظ جیسے ہنگامی عالمی چیلنجز اور غیر روایتی سیکیورٹی خطرات سے نمٹنے کیلئے شراکت داری کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے یورپ اور ایشیا پیسفک ممالک کے درمیان بڑے پیمانے پر اشتراک عمل کی تجویز پیش کی تاکہ تحقیق اور استعداد کار بڑھایا جائے جس میں خاص طور پر تسلسل، ماحول دوست معیشتوں، زراعت اور ڈیجیٹل روابط پر توجہ مرکوز کی جائے۔