توڑ پھوڑ، پی ٹی آئی کے سابق ایم پی ایز نے پیسے دیئے، افغان باشندوں کا مبینہ اعتراف

اسلام آباد (این این آئی) پی ٹی آئی احتجاج میں شامل افغان باشندوں کے اعترافی بیانات سامنے آگئے۔ عمیر کو ایم پی اے فدا نے جبکہ عصمت اللّٰہ کو ایم پی اے آصف علی خان نے پیسے دئیے تھے۔کابل کے رہائشی افغان شرپسند عمیر نے اپنے اعترافی بیان میں کہا کہ توڑ پھوڑ کیلئے پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے پیسے دیتے تھے۔ وہ پشاور میں تہکال پایان میں رہتا ہے اور جب عمران خان گرفتار ہوئے تو علاقے کے مشران اور ایم پی اے فدا نے احتجاج کے لیے پیسے دئیے۔ میں اپنے کیے پر شرمندہ ہوں، معافی دی جائے، آئندہ ایسی غلطی نہیں کروں گا۔ دوسری جانب پشاور کے پرتشدد احتجاج میں قومی املاک کو نقصان پہنچانے اور لوٹ مار میں ملوث افغان  عصمت اللّٰہ نے بتایا کہ وہ مزار شریف کا رہائشی ہے اور پاکستان میں لطیف آباد پشاور میں رہائش پذیر ہے۔ عصمت اللّٰہ نے انکشاف کیا کہ تحریک انصاف کے سابق رکن اسمبلی نے مبینہ طور پر اس کو رقم دے کر خیبر پختونخوا اسمبلی چوک میں توڑ پھوڑ کیلئے بھیجا تھا۔ تحریک انصاف کے سابق ایم پی اے آصف خان نے افغانی نوجوان کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ افغان شہری کو جانتے ہیں نہ ہی اس نوجوان کا تحریک انصاف سے کوئی تعلق ہے۔

ای پیپر دی نیشن