لاہور؍ اسلام آباد ؍ فیصل آباد ؍ کراچی (خبر نگار+ وقائع نگار + نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) توڑ پھوڑ کے الزام میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاریاں جاری ہیں۔ فیاض الحسن چوہان سمیت مزید کئی پکڑے گئے ہیں۔ فردوس شمیم کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ فواد چودھری کو آج عدالت پیش کرنے کا حکم دیا گیا۔ دوسری طرف گرفتاریوں میں عدم تعاون پر فیصل آباد اور پشاور میں 6 ایس ایچ اوز کیخلاف ایکشن لیا گیا ہے۔ تفصیل کے مطابق کراچی کی انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی کے خلاف جلائو گھیرائو اور توڑ پھوڑ کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ تفتیشی افسر نے فردوس شمیم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما کا 2 روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔ انسداد دہشتگردی عدالت کی جج عبہر گل خان نے ڈاکٹر یاسمین راشد کے جسمانی ریمانڈ پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے یاسمین راشد کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی۔ عدالت کے حکم پر یاسمین راشد کو پولیس لائن ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی عدالت نے عدالتی حکم کے باوجود پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کی گرفتاری کے خلاف درخواست میں انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کو حکم دیا ہے کہ فواد چوہدری کو آج عدالت پیش کیا جائے۔ علی زیدی کو جیکب آباد کی جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق تحریک انصاف سندھ کے صدر علی زیدی 30 روز کیلئے نظر بند ہیں اور ان کی کسٹڈی جیکب آباد جیل سپرنٹنڈنٹ کے حوالے کی گئی ہے۔ ایم پی او کے تحت گرفتاری پاکستان تحریک انصاف کی خاتون رہنما شیریں مزاری کی جیل سے پمز ہسپتال منتقلی کے لئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائرکردی گئی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی عدالت نے شاہ محمود قریشی، ملیکہ بخاری سمیت دیگر پی ٹی آئی قیادت کی نظر بندی کے خلاف درخواستوں میں جیل حکام کو نظربند رہنماؤں کی ان کے اہل خانہ اور وکلاء سے ملاقات کرانے کا حکم دیدیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید شہباز رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے پی ٹی آئی رہنما عمر سرفراز چیمہ کا جسمانی ریمانڈ نہ دینے کے دہشت گردی عدالت کے فیصلے کیخلاف اپیل پر عمر سرفراز چیمہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 23مئی تک ملتوی کردی۔ عمران خان کی گرفتاری کے بعد ہونے والے پر تشدد مظاہروں کے دوران سرکاری املاک کی توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کرنے میں ملوث ملزمان کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج کیے گئے ہیں اور ملزمان کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ جاری ہے۔ سی پی او فیصل آباد نے مذکورہ مقدمات میں ملوث ملزمان کی عدم گرفتاری پر ایس ایچ او تھانہ گلبرگ طارق امیر، ایس ایچ او بٹالہ کالونی عمران جاوید، ایس ایچ او تھانہ پیپلز کالونی بشارت اعوان، ایس ایچ او تھانہ سرگودھا روڈ سفیان بٹر اور ایس ایچ او تھانہ ٹھیکریوالہ حسن صدیق چیمہ کو معطل کر دیا جبکہ تھانہ سٹی جڑانوالہ، تھانہ صدر جڑانوالہ اور تھانہ گڑھ کے ایس ایچ اوز ایڈوانس کورس پر چلے گئے۔ ادھر خیبر پی کے میں پی ٹی آئی رہنما کو گرفتاری سے بچانے پر ایس ایچ او کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا گیا۔ مقدمے کے متن کے مطابق ایس ایچ او گلبرگ فواد علی تحریک انصاف کے سابق ایم پی اے ملک واجد کے ساتھ رابطے میں ملوث پائے گئے۔ ملک واجد کا کارکنان کو لوٹ مار اور جلائو گھیرائو کے لیے اکسانے میں اہم کردار تھا۔ ایس ایچ او ورکرز کو اکسانے والے سابق ایم پی اے کو گرفتاری سے بچانے کے لیے فونز بند کرنے کا کہتے رہے۔ تحریک انصاف کے رہنما جمال اکبر انصاری کی اہلیہ نے شوہر کی گرفتاری کیخلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔محکمہ داخلہ سندھ نے تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی کی رہائش گاہ کو سب جیل قرار دے دیا۔ علی زیدی کو ڈیفنس میں واقع ان کی رہائشگاہ پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ علی زیدی کے گھر کے اطراف پولیس کی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
فیاض چوہان گرفتار، فردوس شمیم کا جسمانی ریمانڈ، فواد کو آج پیش کرنے کا حکم
May 16, 2023