پانچواں ون ڈے : پاکستان انڈر19 کی بنگلہ دیش کیخلاف 80 رنز سے کامیابی

May 16, 2023

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان انڈر19 ٹیم نے بنگلہ دیش انڈر 19ٹیم کو پانچویں اور آخری ون ڈے میں 80 رنز سے شکست دے کر سیریز کا اختتام 4 ایک پر کرلیا۔ پانچویں میچ کی خاص بات حمزہ نواز اور شاہ زیب خان کی عمدہ بیٹنگ اور عرفات منہاس کی آل راؤنڈ کارکردگی تھی۔ بنگلہ دیش انڈر19 نے ٹاس جیت کر پاکستان انڈر19 کو بیٹنگ دی۔ پاکستان انڈر 19نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 244 رنز سکورکیے۔ جواب میں میزبان ٹیم صرف 164 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان انڈر19 کی اننگز میں آزان اویس اور شاہ زیب خان نے اپنی ٹیم کو 88رنز کا اچھا سٹارٹ دیا۔ آزان اویس 5 چوکوں کی مدد سے 41 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ شاہ زیب خان نے 93 گیندوں پر67 رنز سکور کیے جس میں 8 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ 5 میچوں کی اس سیریز میں آزان اویس نے ایک سنچری اور 2 نصف سنچریوں کی مدد سے سب سے زیادہ269 رنز اسکور کیے جبکہ شاہ زیب خان ایک سنچری اور 2 نصف سنچریوں کی مدد سے264 رنز بناکر دوسرے سب سے کامیاب بیٹسمین رہے۔ حمزہ نواز پاکستان انڈر 19 کی اننگز کے ٹاپ سکورر رہے۔ انہوں نے 76گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 6 چوکوں اور3 چھکوں کی مدد سے 72 رنز سکور کیے۔

مزیدخبریں