لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ایشیا کپ کی میزبانی کا حق کھویا تو بھارت میں ورلڈ کپ کا بائیکاٹ کر سکتے ہیں۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ بھارت تمام میچز نیوٹرل وینیو پر چاہتا ہے۔ بھارت ایسی صورت حال نہ بنائے جس کا نتیجہ ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کے بائیکاٹ پر نکلے اور چیمپئنز ٹرافی کا بائیکاٹ کرنا پڑے۔ ایشیا کپ ٹورنامنٹ کی پاکستان سے باہر منتقلی قابل قبول نہیں ہو گی۔ نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ ایسی صورت حال میں پاکستان ورلڈ کپ کا بائیکاٹ کرسکتا ہے، ہمیں بھی پاکستانی ٹیم کیلئے بھارت میں سکیورٹی خدشات ہیں۔ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نے کہا کہ ہم نے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کو واپس لانے کیلئے بہت محنت کی، گزشتہ برسوں میں ہر بڑے ملک کی ٹیم پاکستان آئی اور سکیورٹی کی تعریف کی۔ ان کا کہنا ہے کہ بھارتی برج ٹیم، کبڈی ٹیم، بیس بال ٹیم پاکستان آ سکتی ہیں تو کرکٹ ٹیم کیوں نہیں آ سکتی۔پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ مسئلہ بھارت نے پاکستان میں کھیلنے سے انکار کر کے کھڑا کیا۔ہماری حکومت بھی دہشت گردی کو بھڑکانے کا الزام بھارت پر لگا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2008 کے بعد سے اب تک دونوں ممالک میں دہشت گردی کے حوالے سے بہتری آ چکی ہے۔ 2009 میں سری لنکا پر حملہ ہوا تو اس کے بعد اب مکمل انٹرنیشنل کرکٹ واپس آ چکی ہے۔ پاکستان اور بھارت کی دونوں حکومتیں ایک دوسرے پر الزام لگا سکتی ہیں، اب کسی ایک کو آگے بڑھنا ہے اور کھیلنا ہے، پاکستان میں صورتحال بہت اچھی ہے۔ مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نے کہا کہ 4 برسوں سے پاکستان میں مسلسل کرکٹ ہو رہی ہے، ہنگامے تو دہلی میں بھی ہوئے تھے تو کیا یہ شہر غیر محفوظ تھا۔
ایشیا کپ کی میزبانی کا حق کھویا تو ورلڈ کپ کا بائیکاٹ کرسکتے ہیں نجم سیٹھی
May 16, 2023