کراچی(کامرس رپورٹر)بزنس مین گروپ ( بی ایم جی ) اور کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کی قیادت نے سیاسی عدم استحکام پر مکمل عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے جس کے ملک کی پہلے سے ہی بیمار معیشت اور مسلسل کم ہوتی برآمدات پر خوفناک اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے تمام اداروں اور اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ ملک کی خاطر بغیرکسی انا پرستی کے سر جوڑ کر بیٹھیں اور سیاسی جماعتوں، عدلیہ اور اسٹیبلشمنٹ سمیت سب کو ایک پیج پر ہونا چاہیے تاکہ ہمارے وطن عزیز کو مزید معاشی تباہی کی طرف جانے سے بچایا جا سکے۔چیئرمین بزنس مین گروپ زبیر موتی والا، وائس چیئرمین بی ایم جی طاہر خالق، ہارون فاروقی، انجم نثار، جاوید بلوانی، جنرل سیکرٹری بی ایم جی اے کیو خلیل، صدر کے سی سی آئی طارق یوسف، سینئر نائب صدر توصیف احمد اور نائب صدر حارث اگر نے مشترکہ بیان میں پیشکش کی کہ محب وطن شہری ہونے کے ناطے وہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بیٹھ کر اور ان سب سے الگ الگ بات کر کے ملک میں جاری سیاسی و معاشی بحرانوں سے نمٹنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہیں تاکہ سیاسی کشیدگی کو کم کیا جا سکے اور حالات جلد از جلد معمول پر لائے جاسکیں جو کہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے حالات پر قابو پانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بے شمار چیزیں درحقیقت پاکستان اور اس کی تجارت کو خطرے میں ڈال رہی ہیں لہٰذا اب وقت آگیا ہے کہ ہر اسٹیک ہولڈر کو یہ سمجھنا ہوگا کہ پاکستان کی بقا کا انحصار معیشت کی بقا پر ہے۔