حکمران جماعت احتجاج کرے گی تو مسائل کون حل کرے گا:ضیاءالدین انصاری

لاہور ( خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاءالدین انصاری ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ حکمران جماعت ہی احتجاج کریگی تو عوامی مسائل حل کون کریگا۔حکمرانوں کی مفادات کی سیاست اور عوام دشمن پالیسیوں نے ملک کو سیاسی، معاشی اور آئینی بحران سے دوچار کردیا ہے۔ کئی دہائیوں سے اقتدار پر قابض حکمران طبقہ عوام دشمن پالیسیوں سے غربیوں کا خون نچوڑ رہے ہیں۔ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کی اقتدار اور انتقامی سیاست نے ملک و قوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا یہ سلسلہ نہیں روکا تو پاکستان کے استحکام او رسلامتی کو بھی خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔ 9 مئی کو قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کے تاریخی گھر، مساجد، شہدا پاکستان کی یادگار،ریڈیو پاکستان کی عمارت کو جلایا گیا۔ پورا ملک دنیا کے سامنے تماشا بنا رہا،ملک کی 75 سالہ تاریخ میں ایسے مناظر پہلے کبھی نہیں دیکھے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے 20 مئی کو لبرٹی تا اسمبلی ہال چوک مہنگائی مارچ کی تیاریوں کے سلسلے میں مختلف سیاسی و سماجی وفود سے گفتگو کے دوران کیا۔ ضیاءالدین انصاری ایڈوکیٹ نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم،پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کی لڑائی ملک و قوم کی تعمیرو ترقی اورخوشحالی کیلئے نہیں بلکہ مفادات اور انتقامی لڑائی ہے جس میں ملک کا عام آدمی پس رہا ہے۔ ظالم اور نااہل حکمرانوں نے اس لڑائی میں پاکستان کو تباہی دھانے پر پہنچادیا ہے۔ ضیاءالدین انصاری ایڈوکیٹ نے کہا کہ ملک میں عوامی مسائل پر صرف جماعت اسلامی حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کررہی ہے۔ اہل لاہور سے اپیل کرتے ہیں کہ 20 فروری کومہنگائی، بےروزگار ی اور حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں کیخلاف گھروں سے باہر نکلیں اور سراج الحق کی قیادت میں ظالمانہ نظام کے خلاف جماعت اسلامی کی جدوجہد کا حصہ بنیں۔ 

ای پیپر دی نیشن