لاہور (نیوز رپورٹر)مختصر دستاویزی فلمیں اور ریلز کے نئے رجحانات کے موضوع پر دو روزہ تربیتی ورکشاپ پیر کو لاہور کے مقامی ہوٹل میں شروع ہو گئی۔ورکشاپ کا اہتمام وزارت اطلاعات و نشریات کے ذیلی ادارے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ اور پاکستان انفارمیشن سینٹر ( پی آئی سی)کی طرف سے کیا گیا۔ ورکشاپ کے پہلے روز لاہور پریس کلب کے اراکین، مختلف ٹی وی چینلز اور اخبارات سے وابستہ صحافیوں اور میڈیا اسٹڈیز کے طلباء نے شرکت کی،جنہیں دستاویزی فلمیں بنانے کی تربیت دی گئی۔ورکشاپ میں سینئر صحافیوں اور دستاویزی فلم سازی کے ماہرین نے شرکاء کو دستاویزی فلموں کی تیاری کے مراحل اور مختصر دستاویزی فلمیں بنانے کے آلات کے بارے میں لیکچرز دئیے۔ فلم ساز عمر سعید نے شرکاء کو دستاویزی فلمیں اور مختصر ٹرینڈنگ ویڈیوز بنانے کے جدید آلات اور تکنیک کے بارے میں بتایا۔انہوں نے شرکاء سے کہا کہ وہ اثر انگیز فلموں پر اپنی توجہ مرکوز کریں جس سے بے شمار نئی تیکنیکس اور رہنمائی حاصل ہوتی ہے۔اس موقع پر انہوں نے تخلیقی، روایتی اور سماجی رجحانات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ورکشاپ میں ڈائریکٹر جنرل پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ لاہور شفقت عباس، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن عظمیٰ سلیم، کوآرڈینیٹر پی آئی سی اویس انور نے بھی شرکت کی۔وزارت اطلاعات کے اس منصوبے کے تحت پاکستان انفارمیشن سینٹر اب تک ملک بھر میں 10,000 سے زائد صحافیوں، طلبائ اور سوشل میڈیا پر اثر انداز ہونے والوں کو تربیت فراہم کر چکا ہے اور رواں برس مزید 2000 صحافیوں اور ماس کمیونیکیشن کے شعبہ جات کے طلبائ کو تربیت فراہم کرے گا۔ورکشاپ میں بتایا گیا کہ پاکستان انفارمیشن سینٹر ملک کے تمام بڑے شہروں بشمول اسلام آباد، کراچی، کوئٹہ، پشاور، گلگت بلتستان اور مظفرآباد میں صحافیوں کو تربیت فراہم کرتا ہے۔