لاہور(نامہ نگار)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اعلی سطحی سکیورٹی وفد نے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی۔ سیفٹی اینڈ سکیورٹی منیجر آئی سی سی ڈیوڈ مسکر کی قیادت میں آئے وفد میں آئی سی سی سے کرنل اعظم خان، پی سی بی سے کرنل خالد محمود اور عثمان واہلہ شامل تھے۔آئی سی سی وفد کو پنجاب میں بین الاقوامی کرکٹ میچز کے سکیورٹی انتظامات بارے آگاہ کیا گیا۔سیفٹی اینڈ سکیورٹی افسر آئی سی سی ڈیوڈ مسکر نے کہا کہ پنجاب پولیس نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ ایونٹس کی بحالی میں بہترین کردار ادا کیا ہے، لاہور سمیت صوبہ بھر میں انٹرنیشنل کرکٹ ایونٹس کیلئے پنجاب پولیس کے فول پروف سکیورٹی اقدامات کو سراہتے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ غیر ملکی کھلاڑیوں، میچ آفیشلز، شائقین کو بھرپور سکیورٹی فراہم کر رہے ہیں، کرکٹ ٹیموں کے تحفظ کیلئے ائیر پورٹس، ہوٹلز، سٹیڈیمز اور روٹس سمیت تمام مقامات پر سکیورٹی ہائی الرٹ رکھی جاتی ہے، تمام میچز کیلئے قبل از وقت انتظامات، ٹیم روٹس، سٹیڈیم کی حفاظت سمیت تمام ممکنہ پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہیں۔ ایگزیکٹو پولیس، ٹریفک پولیس، ایلیٹ، ڈولفن، پیرو، اینٹی رائٹ سمیت تمام یونٹس کے اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور کئے جا رہے ہیں، آئی جی پنجاب نے سیفٹی اینڈ سکیورٹی افسران کو سنٹرل پولیس آفس کے ڈیش بورڈ پر سکیورٹی صورتحال و اقدامات بارے آگاہ کیا۔ آئی جی پنجاب نے آئی سی سی وفد کے سکیورٹی سربراہ کو پنجاب پولیس کی طرف سے سووینئر بھی پیش کیا۔