لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس کو لا اینڈ آرڈر، کرائم کنٹرول، دہشت گردی سمیت کثیر الجہت چیلنجز کا سامنا ہے، انویسٹی گیشن کیسز کو فوری چالان، مقدمات یکسو کرکے مظلوم کو انصاف فراہم کریں۔ خواتین، بچوں کیخلاف ہونیوالے جرائم میں زیرو ٹالرنس ہے، ایسے جرائم میں ملوث ملزمان کیخلاف ترجیحی کاروائیاں جاری ہیں۔ سنگین جرائم کے زیر تفتیش کیسز کو حل کرنے کیلئے انویسٹی گیشن سپورٹ یونٹ سے استفادہ کریں۔ آئی جی پنجاب نے 1787 کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کے تحت شہریوں کی داد رسی مزید بہتر بنانے کا حکم دیا اور کہا کہ جرائم برخلاف پراپرٹی کی ایف آئی آرز ہر صورت درج ہوں، کوئی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں۔ پنجاب بھر میں افسران و اہلکاروں کی پروموشن کا سلسلہ باقاعدگی سے جاری ہے، میرٹ اور سنیارٹی کے مطابق مزید افسران و اہلکاروں کو ترقیاں ملیں گی۔ منشیات کی لعنت کو جڑ سے ختم کریں، ظلم کے خلاف جذبہ جہاد سے کام کریں، کمیونٹی پولیسنگ کے پراجیکٹ تحفظ مراکز کے ذریعے بے گھر بچوں، خواتین، ٹرانسجینڈرز، معذور افراد کو سماجی تحفظ فراہم کریں۔ فرینڈز آف پولیس، والنٹیرز ان پولیس کمیونٹی پولیسنگ پروگرامز کو کامیابی سے آگے بڑھائیں۔ یہ ہدایات انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں گوجرانوالہ اور راولپنڈی ریجنز کی کرائم میٹنگ میں افسران سے خطاب کرتے ہوئے جاری کیں۔
خواتین، بچوں کیخلاف ہونیوالے جرائم میں زیرو ٹالرنس ہے:آئی جی
May 16, 2024