لاہور(نیوز رپورٹر)یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے جناح کیمپس کالا شاہ کاکو کے دورہ پر فیکلٹی سے خطاب کرتے صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ میڈیکل اور نرسنگ کی تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے میں یو ایچ ایس کا کلیدی کردار ہے۔ میرٹ پر کوئی سودے بازی نہیں ہونی چاہیے۔ زر مبادلہ کمانے کیلئے ہیلتھ پروفیشنلز کو ایکسپورٹ کرنا ہوگا‘ میڈیکل ایجوکیشن کو انٹرنیشنل سٹینڈرڈز کے مطابق بنانا ہوگا۔ اس موقع پر یو ایچ ایس کے وائس چانسلر پروفیسر احسن وحید راٹھور، پرو وی سی پروفیسر نادیہ نسیم، سی ای او پی ایچ ایف ایم سی ڈاکٹر عاصم الطاف،سی ای او ہیلتھ شیخو پورہ ڈاکٹر پرویز اقبال، ٹی ایچ کیو مریدکے کی انتظامیہ ودیگر موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے یو ایچ ایس کے طلبہ کی ان ہسپتالوں میں ٹریننگ سے متعلق سال قبل بنائی گئی حکومتی کمیٹی کی بے عملی کا سختی سے نوٹس لیا اوراپنے سٹاف کو اس بابت آج رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے طلبہ کی منظم تربیت کیلئے سی ای او ہیلتھ شیخو پورہ کو فوکل پرسن نامزد کیا۔خواجہ عمران نذیر نے کہا ڈی ایچ کیو شیخوپورہ، ٹی ایچ کیو مرید کے کو سنٹرز آف ایکسیلینس بنایا جارہا ہے طلباء ان دونوں ہسپتالوں میں سہولیات سے استفادہ کرسکیں گے۔صوبائی وزیر صحت نے نرسز کے عالمی تقاضوں کے مطابق پی ایچ ڈی کرنے کو خوش آئند قرار دیا۔
میڈیکل کی تعلیم عالمی معیارات کے مطابق بنانا ہوگی: خواجہ عمران نذیر
May 16, 2024