بجٹ میں نان فائلرز، تاجر دوست ایب پر رجسٹر نہ ہونے والوں کیخلاف سخت اقدامات کا فیصلہ

May 16, 2024

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) نئے مالی سال کے بجٹ میں درآمدی گاڑیوں اور لگژری آئٹمز پر ٹیکس بڑھانے اور تاجر دوست ایپ میں شامل نہ ہونے والوں کے خلاف کارروائی کی تجویز ہے۔ ایپ میں رجسٹر نہ ہونے والے تاجروں کو نوٹس بھیجے جائیں گے، تاجردوست ایپ سے رجسٹر نہ ہونے پر 10 ہزار روپے تک جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا اور غیر رجسٹرڈ کاروبار کے خلاف انکم ٹیکس آرڈیننس سیکشن 182 کے تحت کارروائی ہوسکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق آئندہ بجٹ میں 1300 سی سی سے زائد کی درآمدی گاڑیوں پر ٹیکس بڑھنے کا امکان ہے جبکہ 850 سی سی سے زائد کی تمام نئی گاڑیوں پر ودہولڈنگ ٹیکس بڑھانے کی تجویز ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ آئندہ بجٹ میں نان فائلرز کے بینکوں سے کیش نکلوانے پر مزید ٹیکس لگانے کی تجویز ہے، نان فائلرز کے بینکوں سے 50 ہزار سے زائد رقم نکالنے پر ایڈوانس ٹیکس 0.6 سے بڑھا کر 0.9 فیصد کرنے کی بھی تجویز ہے، نان فائلرز کے کیش نکالنے پر ایڈوانس ٹیکس میں اضافے سے 15 ارب روپے سے زائد جمع کرنے کا تخمینہ ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ میں غیرضروری اور لگژری اشیاء کی امپورٹ پر ٹیکس بڑھانے کی بھی تجویز ہے۔ آئندہ بجٹ میں چھٹے شیڈول میں موجود ٹیکس رعایتیں ختم کرنے یا کم کرنے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔

مزیدخبریں