میجر بابر شہید کی ژوب اور میانوالی میں نماز جنازہ، فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین

May 16, 2024

اسلام آباد+ میانوالی+ ژوب (خبر نگار خصوصی+نمائندہ خصوصی+ نمائندگان) بلوچستان آپریشن میں شہید ہونے والے میجر بابر نیازی کی نمازجنازہ ادا کر دی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق  نماز جنازہ ژوب کینٹ میں ادا کی  گئی۔ نماز جنازہ میں اعلیٰ فوجی، سول افسران، عوام اور سول انتظامیہ کے نمائندوں نے شرکت کی۔  پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ میجر بابر 14 مئی کو بلوچستان کے ضلع ژوب میں آپریشن کے دوران شہید ہوئے۔ مسلح افواج قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ میجر بابر نیازی شہید کا تعلق ضلع میانوالی سے تھا، انہوں نے2012ء میں پاکستان آرمی کی پنجاب رجمنٹ میں کمشن حاصل کیا۔ انہوں  نے سوگواران میں بیوہ، ایک3 سالہ بیٹا اور والدین کو چھوڑا۔ دریں اثناء سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور  وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے میجر بابر خان کی بہادری کو زبردست  خراج عقیدت پیش کیا۔ اہل خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میجر بابر خان نے دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے اپنی قیمتی جان وطن پر نچھاور کی۔دریں اثناء شہید میجر بابر خان کی نماز جنازہ میانوالی میں بھی ادا کی گئی۔ شہباز خیل میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا۔ نماز جنازہ میں آئی جی ایف سی بلوچستان، سٹیشن کمانڈر بیس کمانڈر میانوالی ائربیس، ڈی سی، ڈی پی او میانوالی سمیت کئی افسران و شہریوں نے شرکت کی۔ صدر پاکستان، پاک آرمی چیف، آئی جی ایف سی کوئٹہ بلوچستان اور پاک آرمی کی طرف سے ریتھ رکھی گئیں۔ 

مزیدخبریں