اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+خبر نگار خصوصی) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وزارت منصوبہ بندی، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اتھارٹی امور پر اجلاس ہوا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پی ایس ڈی پی کے ذریعے ایسے منصوبے لائے جائیں جس سے ملک میں پائیدار ترقی ممکن ہو، محصولات کی وصولی بڑھنے سے ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز میسر ہوں گے۔ تمام بڑے قومی ترقیاتی منصوبوں کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیش لازمی ہو گی۔ وزیراعظم نے ترقیاتی بجٹ، پی ایس ڈی پی پر وزیر پلاننگ کی سربراہی میں کابینہ کمیٹی بنانے کی ہدایت کی۔ اعلامیہ کے مطابق کمیٹی پی ایس پی ڈی پروگرامز پر لائحہ عمل کیلئے قلیل، وسط، طویل مدتی تجاویز تیار کرے گی۔ وزیراعظم نے وفاقی پی ایس ڈی پی، صوبوں کے سالانہ ترقیاتی پلان میں روابط بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے تمام وفاقی وزارتوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبوں پر تجاویز دینے کی ہدایت کی۔ شہباز شریف سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے حکومت سندھ کو درپیش ترقیاتی مسائل اور تحفظات دور کرنے کی فوری ہدایت کی۔وزیراعلیٰ سندھ سے بات کرتے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہمیں متحد ہو کر مسائل کے حل تلاش کرنا ہوں گے۔ ملک کا معاشی استحکام ہمارا بنیادی مقصد ہے۔ وزیراعظم نے متعلقہ وفاقی وزراء کو سندھ حکومت کے مالی و اقتصادی اور دیگر مسائل کا پائیدار حل تلاش کرنے کی ہدایت کی۔ شہباز شریف نے پاک فوج و سائنسدانوں کو فتح ٹو گائیڈڈ راکٹ سسٹم کے کامیاب تجربے پر مبارکباد دی ہے۔
وفاقی وزارتیں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ منصوبوں پر تجاویز دیں: وزیراعظم
May 16, 2024