لاہور (خصوصی نامہ نگار) نائب امیر جماعت اسلامی اور مجلس قائمہ سیاسی قومی امور کے صدر لیاقت بلوچ نے 20 مئی کو مجلس قائمہ کا اجلاس طلب کرلیا۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن مجلس قائمہ کے ممبرز کو ملکی حالات اور آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے وژن اور بریفنگ دیں گے۔ مجلس قائمہ سیاسی قومی امور میں پنجاب، سندھ، خیبرپی کے، بلوچستان اور اسلام آباد سے مرکزی مجلس شوریٰ کے 22 ارکان ممبر ہیں۔ اجلاس میں مرکزی مجلس شوریٰ کے لیے سفارشات تیار کی جائیں گی۔ خیبرپختونخوا کے سابق سینئر وزیر عنایت اللہ خان مجلس قائمہ کے سیکرٹری ہیں۔ لیاقت بلوچ نے وزیرآباد، لاہور اور راولپنڈی میں سیاسی مشاورتی اجلاس اور عوامی وفود سے ملاقاتوں میں کہا کہ آزادکشمیر میں عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاج کے بعد مسائل حل ہونے کے بعد احتجاج کے خاتمہ اور دوران احتجاج پرتشدد عوامی ردعمل کے قومی سیاست اور عوامی احتجاج پر گہرے اثرات مرتب ہوں گے۔ عوام میں غصہ اور پرتشدد ردعمل کی بنیادی وجہ ریاستی اداروں کی سیاسی اور سماجی معاملات میں غیرآئینی مداخلت، کرپٹ اشرافیہ اور حکمران طبقات، عدلیہ کے جج صاحبان، بیوروکریسی اور سرکاری محکموں میں رشوت، بدعنوانیوں کی انتہا ہے۔ کسی کا جائز کام بھی اب سفارش، رشوت اور مْٹھی گرم کرنے سے ہوتا ہے۔
جماعت اسلامی کی مجلس قائمہ سیاسی، قومی امور کا اجلاس 20 مئی کو طلب
May 16, 2024