جلاؤ گھیراؤ کیس، 266 ملزموں کیخلاف سماعت، حاضری مکمل کی گئی  

May 16, 2024

لاہور (خبرنگار) انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں جناح ہاؤس حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کیس میں 266 ملزموں کیخلاف ٹرائل کی سماعت ہوئی۔ سابق وزیر خزانہ کی بیٹی خدیجہ شاہ سمیت دیگر برضمانت ملزمان حاضری کیلئے پیش ہوئے۔ عدالت میں ملزمان کی ٹرائل کیلئے حاضری مکمل کی گئی۔ عدالت نے جناح ہاؤس کیس کی سماعت 29 مئی تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر ملزمان کو چالان کی کاپیاں تقسیم کی جائیں گی۔ گزشتہ روز میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری اور عمر سرفراز چیمہ سمیت دیگر ملزمان کو جیل سے پیش نہیں کیا گیا۔ چالان میں میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری، عمر سرفراز چیمہ، خدیجہ شاہ، روبینہ جمیل، صنم جاوید، عالیہ حمزہ، طیبہ عنبرین راجہ، عائشہ علی بھٹہ، فرزانہ سرور اور صنم جاوید کے شوہر عتیق ریاض سمیت 266 ملزمان شامل ہیں جبکہ خدیجہ شاہ اور طیبہ راجہ کی جناح ہاؤس حملہ کیس میں ضمانت ہو چکی ہے۔ انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے دہشتگردی کے مقدمے میں ملوث 8 ملزمان کی عبوری ضمانتوں کی توثیق کردی۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے ضمانتیں کنفرم کرنے کا فیصلہ سنایا۔ ملزم شہباز، سرفراز، جبار، زبیر سمیت 8 ملزمان کی ضمانتیں کنفرم کی گئیں۔ وکیل ملزمان کا مزید موقف تھا کہ فریقین کا راضی نامہ ہو گیا لیکن پولیس ملزمان کو بلاوجہ گھسیٹتی پھر رہی ہے، اول تو یہ دہشتگردی کا وقوعہ ہی نہیں تھا۔ عدالت نے استفسار کیا کہ اگر راضی نامہ ہو گیا ہے تو پھر پولیس کو کیا مسئلہ بنا ہوا ہے؟۔  عدالت نے مزید استفسار کیا کہ جب پولیس مانتی ہے کہ وقوعہ دو فریقین کے درمیان بچوں کی لڑائی کا ہے تو پھر دہشتگردی کی دفعہ کیوں لگائی؟۔ عدالت نے ریکارڈ دیکھنے کے بعد تمام ملزمان کی عبوری ضمانتیں کنفرم کر دیں۔

مزیدخبریں