سندھ میں 5 ماہ کے دوران بچوں سمیت 150 افراد اغوا کئے گئے

May 16, 2024

 کراچی (نوائے وقت رپورٹ) سندھ کے مختلف اضلاع میں رواں سال کے ابتدائی 5 ماہ کے دوران بچوں سمیت 150 شہریوں کو اغوا کیا گیا جبکہ اغوا کاروں کے خلاف صرف 40 مقدمات درج کیے گئے تاہم پولیس کی جانب سے 114 افراد کو اب تک بازیاب کرایا گیا ہے۔ سندھ پولیس کی رواں سال کی 5 ماہ کی رپورٹ کے مطابق سندھ میں کچے کے ڈاکوؤں کی جانب سے شہریوں کے اغوا برائے تاوان کی سنگین وارداتوں کا سلسلہ نہیں تھم سکا ہے اور رپورٹ میں اعداد وشمار جاری کردیے گئے ہیں۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سندھ کے 5 اضلاع سکھر،گھوٹکی، شکارپور، جیکب آباد اور کشمور سے اب تک تاجروں، بچوں اور شہریوں سمیت 150 افراد کو اغوا کیا گیا ہے، جن میں سے 114 شہریوں کو بازیاب کرایا گیا ہے۔ دستیاب دستاویزات کے مطابق سکھر میں بچے سمیت 9 شہریوں کو اغوا کیا گیا، گھوٹکی میں 28 افراد، اسی طرح شکارپور میں 34، جیکب آباد میں 7 اور کشمور میں 70 شہریوں اور بچوں کو اغوا کیا گیا۔

مزیدخبریں