اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مقدمات کا سامنا کرتے کرتے تھک گیا ہوں، بہتر ہے اب سزائیں دیں اور جان چھڑائیں۔ انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ میرا تعلق بانی پی ٹی آئی سے ہے، میں پی ٹی آئی میں شامل نہیں ہوں۔ مہنگائی کے خلاف لوگ ایسے ہی نکلیں گے جیسے کشمیر اور راولاکوٹ میں نکلے۔ ملک میں انصاف کا پوسٹ مارٹم کیا جا رہا ہے۔ لوگوں کی امیدیں عدلیہ سے وابستہ ہیں، ہمارے خلاف کوئی ثبوت موجود نہیں، 9 مئی کے واقعات پر سب کہہ رہے ہیں جوڈیشل کمشن بننا چاہیے۔ حکومت کا انجن دھواں دے رہا ہے۔ 30 جون سے سیاست میں بڑی تبدیلی آئے گی، ملک میں انصاف کا مذاق بنایا گیا ہے۔