لاہور (خبر نگار+نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویز الٰہی نے احتساب عدالت میں پیشی پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے سیاسی و معاشی حالات عمران خان سے مذاکرات کرنے کے بعد ہی بہتر ہو سکتے ہیں۔ تمام سیاسی جماعتیں اپنا اپنا مثبت رول ادا کریں تب ہی ملک میں استحکام پیدا ہوگا۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ فارم 47 والی حکومت عوام کو کسی صورت قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کی سلامتی اور ترقی کے لئے مذاکرات کی حامی بھری ہے۔ چودھری پرویز الٰہی نے مزید کہا کہ ہر مسئلہ کا حل مذاکرات کے ذریعے نکالا جا سکتا ہے۔ عدالت نے سابق وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی کے چیک اپ کے لیے ایم ایس سروسز ہسپتال کو میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم دے دیا۔لاہور کی سپیشل سینٹرل کورٹ نے تحریک انصاف کے رہنمائوں پرویز لٰہی اور مونس الٰہی کے خلاف ایف آئی اے منی لانڈرنگ کے مقدمے کا تحریری حکم جاری کردیا۔سپیشل سینٹرل کورٹ کے جج تنویر احمد شیخ نے گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری کیا۔عدالت نے سابق وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی کے چیک کے لیے ایم ایس سروسز ہسپتال کو میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم دیتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل کو پرویز الٰہی کو میڈیکل بورڈ کے سامنے پیش کرنے کی ہدایت کردی۔عدالت نے تحریری حکم میں کہا کہ چودھری پرویزالٰہی کا مکمل چیک اپ کیا جائے، میڈیکل بورڈ 21مئی سے پہلے سابق وزیراعلی کی میڈیکل رپورٹ جاری کرے، پرویز الٰہی کو آئندہ سماعت پر عدالت کے روبرو پیش کیا جائے۔عدالتی حکم میں مزید کہا گیا کہ ایف آئی اے کے مطابق مونس الٰہی کی گرفتاری کا معاملہ انٹرپول کے پاس زیر التواء ہے، ایف آئی اے ملزم کی گرفتاری کے لیے دوبارہ انٹرپول سے رابطہ کرے۔احتساب عدالت پرویز الٰہی اور محمد خان کو انکوائری کی نقول فراہم کرنے کی درخواست منظور کر لی۔
سیاسی استحکام کیلئے تمام جماعتیں مثبت کردار ادا کریں: پرویز الٰہی
May 16, 2024