لاہور (خبرنگار) لاہور ہائیکورٹ نے حقائق چھپانے پر ایم ڈی پنجاب گورنمنٹ سرونٹس ہائوسنگ فائونڈیشن پر اظہار برہمی کرتے ہوئے ایم ڈی پنجاب گورنمنٹ سرونٹس ہائوسنگ فائونڈیشن کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔ عدالت نے استفسار کیا کہ عدالتی فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کے باوجود لاہور ہائیکورٹ کیسے درخواست دائر کی۔ جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سماعت کی۔ پنجاب گورنمنٹ سرونٹس ہائوسنگ فائونڈیشن کے وکیل مرزا اورنگزیب نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کردیا گیا ہے۔ متاثرہ خاتون عائشہ بی بی کے وکیل اسد منظور بٹ نے دلائل میں کہا کہ پیسوں کی ادائیگی اور عدالتی فیصلے کی باوجود پلاٹ کا قبضہ نہیں دیا جا رہا۔ عدالتی فیصلے پر عمل کرنے کی بجائے محکمہ نے سپریم کورٹ اپیل دائر کردی۔ درخواست میں مزید موقف تھا کہ سپریم کورٹ میں اپیل زیرالتواء ہونے کے باوجود محکمہ نے لاہور ہائیکورٹ میں انٹراکورٹ اپیل بھی دائر کردی۔ معاملہ سپریم کورٹ ہونے کے باوجود انٹراکورٹ اپیل محکمہ کی جانب سے عدالت کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے۔ درخواست میں استدعا تھی کہ عدالت غلط بیانی کرنے والے ذمہ دار افسروں کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے۔
حقائق چھپانے پر ہائیکورٹ کی برہمی، ایم ڈی سرونٹس ہاؤسنگ فاؤنڈیشن طلب
May 16, 2024