لاہور (خبر نگار) سول سروسز اکیڈمی کے شعبہ کنٹونمنٹس انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ اینڈ لینڈ ایڈمنسٹریشن کے وفد نے لاہور ہائی کورٹ کا دورہ کیا اور چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس ملک شہزاد احمد خان سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت سول سروسز اکیڈمی کے ڈائریکٹر کر رہے تھے۔ فاضل چیف جسٹس کے ساتھ ملاقات کے دوران زیرتربیت افسران نے اظہار کیا کہ لاہور ہائی کورٹ کا دورہ کر کے انہیں زندگی کا ایک خوشگوار تجربہ حاصل ہوا ہے۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ ملک شہزاد احمد خان نے دورہ کرنے والے افسران سے کہا کہ تمام افسران اپنی ٹریننگ مکمل کرنے کے بعد جب بھی فیلڈ میں اپنے فرائض کی انجام دہی کے لئے جائیں گے تو اپنے فرائض منصبی دیانتداری اور ایمانداری کے ساتھ انجام دیں۔ تمام زیر تربیت افسران اس ملک کا مستقبل ہیں اور قوم کی امیدیں نوجوان افسران سے وابستہ ہیں۔ فاضل چیف جسٹس نے وفد کے شرکاء کے مستقبل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ملاقات کے اختتام پر زیر تربیت افسران کے وفدکی جانب سے فاضل چیف جسٹس کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔