وزیر مذہبی امور حج انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے سعودی عرب پہنچ گئے 

اسلام آباد، جدہ (خبر نگار+ امیر محمد خان) وفاقی وزیر مذہبی امور حج انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے سعودی عرب پہنچ گئے۔ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی چوہدری سالک حسین پاکستانی عازمین حج کے لیے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لینے سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔ اپنے ایک ہفتہ طویل دورے کے دوران وفاقی وزیر سعودی عرب میں پاکستان حج مشن کے حکام سے ملاقاتیں کریں گے، جس میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں عازمین حج کے لیے انتظامات کے حوالے سے ڈائریکٹر جنرل بریفنگ دیں گے۔ وفاقی وزیر سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق فوازان الربیعہ سے بھی ملاقات کریں گے۔ چوہدری سالک حسین نے جدہ قونصلیٹ پہنچ کر ڈائریکٹر جنرل حج عبدالوہاب سومرو اور قونصل جنرل خالد مجید سے ملاقات کرنے کے بعد قونصلیٹ میں شعبہ ویلفیئر کا دورہ کیا اور وہاں موجود پاکستانیوں سے انکے مسائل معلوم کرتے ہوئے شعبہ ویلفیئر کی کارکردگی کے متعلق سوالات کئے۔ اپنے مسائل کے حل کیلئے وہاں آئے ہوئے پاکستانیوں نے ویلفیئر افسران کی کارکردگی کو مستحسن قرار دیا۔ سالک حسین نے کہا کہ حکومت کی ترجیحات میں دوست ملک سعودی عرب میں پاکستانی تجربہ کار افرادی قوت کو زیادہ سے زیادہ ملازمتیں دلوانا ہے۔

ای پیپر دی نیشن