ننکانہ صاحب ( نامہ نگار ) صوبائی صدر ایپکا پنجاب ظفر علی خاں کی کال پر آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن(ایپکا) ضلع ننکانہ صاحب کے زیر اہتمام لیوانکیشمنٹ میں کمی کے نوٹیفکیشن کو واپس کرانے سمیت اپنے دیگر مطالبات کے حق کی منظوری کیلئے قلم چھوڑ ہڑتال اور پرامن احتجاجی ریلی نکالی گئی، ریلی کی قیادت ضلعی صدر حاجی محمدا کرم گجر، مشتاق احمد سیال، رائے صابر علی کھرل، اظہر محمود ڈار اور غضنفر علی ودیگر نے کی ریلی ڈپٹی کمشنر آفس ننکانہ سے شروع ہو کر گوردوارہ جنم استھان کے قریب پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی ۔ اس موقع پر ضلعی صدر حاجی اکرم گجر ودیگر نے صحافیوں کو بتایا کہ صوبائی صدر ایپکا ظفر علی خاں کی طرف سے اپنے مطالبات کے حق کی منظوری کیلئے صوبہ بھر میں احتجاجی شیڈول ترتیب دیا گیا ہے ہر بدھ کے روز قلم چھوڑ ہڑتال اور ڈپٹی کمشنر آفس ننکانہ صاحب کے سامنے احتجاجی دھرنا دینے کے علاوہ پرامن احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گے ۔ ہمارے چارٹر آف ڈیمانڈ میں مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں میں 200فیصد اضافہ، ہاؤس رینٹ الاؤنس اور میڈیکل الاؤنس سال 2008 کے پے سکیل کی بجائے موجودہ سکیلوں کے مطابق جاری کرنے، کنوئنس الاؤنس میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ، لیو ان کیشمنٹ میں کمی کے نوٹیفکیشن کو واپس کرانے سمیت دیگر مطالبات شامل ہیں۔