حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے سلسلہ میں کلینک آن وہیل کا آغاز کر دیا گیا ۔ سابق وفاقی وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ نے اربن ایریامیں چلنے والے کلینک آن وہیل پروگرام کا باقاعدہ افتتاح کیا۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عمر شریف راٹھور ، ڈی ایچ او ڈاکٹر فائق علی تارڑ، اسسٹنٹ کمشنر منور حسین،ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر ظہیر احمد، ڈاکٹر رائے شہروز احمد سمیت دیگر افسران بھی افتتاح کے موقع پر موجو د تھے ۔اس موقع پر سابق وفاقی وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ کاکہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے کلینک آن وہیل ایک انقلابی پروگرام ہے ۔اس پروگرام کے تحت محکمہ صحت روزانہ کی بنیاد پر اربن ایریامیں خصوصی میڈیکل کیمپ کا انعقاد کرینگی اوراس کلینک آن وہیل پروگرام کے تحت مریضوں کو علاج معالجہ کی مفت سہولیات فراہم کی جائینگی ۔انکاکہنا تھا کہ موجو دہ دور میں کلینک آن وہیل حکومت پنجاب کا عوامی ریلیف کی جانب ایک بہت بڑا انقلابی پروگرام ہے جس کے تحت محکمہ صحت کے ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملہ انکے گھروں /علاقوں میں جا کر علاج معالجہ کی مفت سہولیات فراہم کریگا۔