گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی )نفرت جرم سے، محبت انسان سے کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد ہوا، پنجاب پروبیشن و پیرول سروس کے پلیٹ فارم سے حافظ عرفان اور ماجد علی خان ڈسٹرکٹ پروبیشن آفیسرز نے سیشن کورٹ میں معمولی جرائم میں پروبیشن پر رہا 200 افراد پر مشتمل ایک گروپ کی اصلاحی نشست کا اہتمام کیا۔ اس نشست میں سندس فائونڈیشن گوجرانوالہ سے ڈاکٹر صداقت علی اور ایڈمنسٹریٹر غلام نبی انصاری نے تھیلیسیمیا اور اسکی روک تھام کے حوالہ سے پروبیشنرز کو آگاہی فراہم کی۔ بعد ازاں پروبیشنرز نے رضاکارانہ طور پر خون کے عطیات دیکر تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کی مدد کا ارادہ ظاہر کیا۔ اس نشست میں نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس کی طرف سے انسپکٹر محسن شیرازی نے روڈ سیفٹی اور ٹریفک قوانین کی پابندی کی اہمیت اجاگر کی۔ معمولی جرائم میں پروبیشن پر رہا افراد نے اس نشست کو اپنے لئے مفید قرار دیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ تھیلیسیمیا سے نہ صرف اپنے خاندان کو بچائیں گے بلکہ اس میں مبتلا بچوں کی اپنے خون کے عطیات دے کر ہر ممکن مدد بھی کریں گے ۔اور ساتھ ہی ساتھ پٹرولنگ قوانین پر عملدرآمد سے خود کو معاشرہ کا مفید شہری بھی ثابت کریں گے۔