دبئی میں کھیلے گئے میچ کے آخری روز پاکستان کو کامیابی کے لئے چار سو اکاون رنزکا ہدف حاصل کرنا تھا جبکہ اس کی آٹھ وکٹیں ابھی باقی تھیں۔ پاکستان نے کل کے سکور ایک سو نو رنز دو کھلاڑی آؤٹ پراننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو اظہرعلی تریسٹھ رنز بنا کر پال ہیرس کا شکاربن گئے، اس وقت ٹیم کا مجموعی سکور ایک سو ستاون رنز تھا۔ اس کے بعد مصباح الحق کریزپرآئے اورانہوں نے یونس خان کا بھرپورساتھ دیتے ہوئے ٹیم کو یقینی شکست سے بچالیا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان ایک سو چھیاسی رنز کی ناقابل شکست پارٹنرشپ ہوئی۔ یونس خان ایک سو اکتیس رنز بنا کرناٹ آؤٹ رہے یہ ان کی ٹیسٹ کرکٹ میں سترہویں سنچری تھی، انہیں مین آف دی میچ بھی قراردیا گیا۔ کپتان مصباح الحق نے چھہتررنز کی اننگزکھیلی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ بیس نومبرسے شروع ہوگا۔