پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر لشکری ریئسانی پارٹی اختلافات کے باعث مستعفی

کوئٹہ (ریڈیو مانیٹرنگ + ثناءنیوز) پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر لشکری رئیسانی نے صوبائی وزراء سے اختلافات کے باعث عہدہ صدارت سے استعفیٰ دے دیا۔ لشکری رئیسانی نے اپنا استعفیٰ پارٹی شریک چیئرمین صدر زرداری‘ جہانگیر بدر اور رضا ربانی کو ارسال کر دیا ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں پیپلز پارٹی کے وزراءمن مانے فیصلے کر رہے ہیں لہذا وہ موجودہ حالات میں اپنا سیاسی کیریئر تباہ نہیں کرنا چاہتے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر صوبے کو ایک ایسی جماعت کی ضرورت ہے جو مشاورت کے ساتھ صوبائی معاملات کو چلائے لیکن یہاں پارٹی کے اندر تعاون کی فضا نہ ہونے کے باعث وہ مجبور ہیں کہ اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی میں نظم و ضبط کے فقدان کی وجہ سے استعفیٰ دے رہے ہیں بلوچستان کے لوگوں کے کوئی کام نہیں ہو رہے۔نوابزادہ لشکری رئیسانی نے کہا کہ انہوں نے اپنا استعفیٰ پارٹی کی اعلیٰ قیادت کو ارسال کر دیا ہے اب یہ قیادت کی مرضی ہے کہ اسے قبول کرے یا نہ کرے۔

ای پیپر دی نیشن