اچھی تعلیم کی فراہمی اولین ترجیح ہے‘ علاج کی سہولتوں پر غریب آدمی کا بھی اتنا ہی حق ہے جتنا اشرافیہ کا : شہبارشریف

لاہور (خبرنگار خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ علاج معالجے کی اعلیٰ و معیاری اور سہولتوں پر غریب آدمی کا بھی اتنا ہی حق ہے جتنا اشرافیہ کا۔ صوبے میں صحت کے منصوبوں کے تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا اور تمام اہم ترقیاتی منصوبوں کی خود نگرانی کرونگا، معیاری تعلیم کی سہولتوں کی فراہمی پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے، فنی تعلیم کے فروغ پر بھی توجہ دی جا رہی ہے اور مجموعی طور پر تعلیم اور صحت کے شعبوںکی ترقی کیلئے بجٹ میں فنڈز میں ریکارڈ اضافہ کیا گیا ہے، تعلیم اور صحت کے میدان میں ایسے منصوبے شروع کئے گئے ہیں جن کا مقصد ان سہولتوں کو غریب آدمی تک پہنچانا ہے۔ راولپنڈی کا انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور دانش سکولوں کے منصوبے ہمارے اس عزم کی عکاسی کرتے ہیں، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں متاثرین کیلئے جدید سہولتوں سے آراستہ ماڈل دیہات کی تعمیر کا کام جاری ہے اور یہ دیہات مخیر افراد اور فلاحی تنظیموں کے تعاون سے تعمیر کئے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز کمیٹی چوک راولپنڈی کے قریب جدید سہولتوں سے آراستہ 200 بستروں کے گائنی و پیڈز سینٹر کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی زیر تعمیر عمارت کے معائنے کے موقع پر میڈیا، برطانیہ کے وزیر برائے بین الاقوامی ترقی اینڈریو مچل اور انکے وفد ارکان سے گفتگو اور امریکن قونصلیٹ لاہور کی قونصل جنرل کارمیلا کانرائے سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ شہباز شریف نے کہاکہ پنجاب حکومت ترقیاتی منصوبوں پر ایک ایک پائی عوام کی امانت سمجھ کر صرف کر رہی ہے۔ انہوں نے محکمہ صحت کے حکام کو ہدایت دی کہ کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ کی تکمیل جون سے قبل یقینی بنائی جائے۔ کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ اور صحت کے شعبے میں جاری دیگر منصوبوں سے شہریوں کوعلاج معالجے کی بہتر سہولیات میسر ہوں گی۔ انہوں نے کہاکہ سیلاب کے بعد برطانیہ کی طرف سے پنجاب میں فراہم کئے جانے والے تعاون سے ہمیں متاثرین سیلاب کی امداد اور بحالی میں بے حد مدد ملی ہے۔ برطانیہ پاکستان میں سب سے بڑا سرمایہ کار ملک ہے اور اسی طرح پاکستانیوں کی بڑی تعداد برطانوی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔ انہوں نے مہمان وفد کو پنجاب میں تعلیمی اصلاحات اور جاری ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سال دسمبر کے آخر تک پنجاب کے مختلف مقامات پر عوام کیلئے دانش سکولوں میں تعلیم کا آغاز ہو جائے گا جہاں غریب عوام کے بچوں کو بلا معاوضہ تعلیم ، خوراک اور رہائش کی سہولتیں حاصل ہوں گی۔ اینڈریو مچل نے کہاکہ برطانیہ پنجاب میں زندگی کے مختلف شعبوں میں اپنی امداد جاری رکھے گا، ماں اور بچے کی صحت کے حوالے سے پنجاب میں مختلف منصوبوں پر اپنا تعاون فراہم کرینگے۔ علاوہ ازیں شہبازشریف سے امریکن قونصلیٹ لاہور کی قونصل جنرل کارمیلا کانرائے نے گذشتہ روز ملاقات کی اور ان سے سیلاب متاثرین کی امداد و بحالی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ شہبازشریف نے کہا کہ وزیراعلیٰ ریلیف فنڈ میں جمع ہونے والے عطیات بھی انہی گھروں کی تعمیر پر صرف کئے جا رہے ہیں۔ سیلاب متاثرین میں رضائیاں، کمبل اور گرم کپڑے بھی تقسیم کئے جا رہے ہیں تاکہ وہ موسم سرما کی شدت سے محفوظ رہیں۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...