راولپنڈی (سلطان سکندر) کل جماعتی حریت کانفرنس (علی گیلانی) آزاد کشمیر شاخ کے کنوینئر غلام محمد صفی نے زور دیا ہے کہ آزاد کشمیر کی حکومت اور وزیراعظم کشمیر کاز کے لئے قائدانہ کردار ادا کریں۔ بہتر ہو گا وہ اپنی اعلان کردہ آل پارٹیز کانفرنس بلائیں اور دونوں طرف کی کشمیری قیادت کا متفقہ موقف حکومت پاکستان تک پہنچائیں۔ منگل کو ایوان وقت میں اظہار خیال کرتے ہوئے غلام محمد صفی نے کہا کہ بھارت کو موسٹ فیورٹ قرار دینا الگ اور تنہا معاملہ نہیں‘ یہ پاکستان کے خلاف بڑے گیم پلان کا حصہ ہے۔ بدقسمتی سے پاکستان کی حکومت اور صدر آصف زرداری‘ میاں نوازشریف اور عمران خان صورت حال کی سنگینی کا ادراک نہیں کر پا رہے۔ امریکہ نے کشمیر اور بھارت نے توسیع پسندانہ عزائم‘ پانی اور سیاچن کے حوالے سے افغانستان کے ساتھ مل کر پاکستان کو گھیرنے کا منصوبہ بنا رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین نے بھارت کے ساتھ فری ٹریڈ کے لئے مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی پامالیاں روکنے کی شرط عائد کی ہے مگر پاکستان نے کسی شرط کے بغیر امریکی ایجنڈے پر بھارت کو موسٹ فیورٹ قرار دے کر پریشان کن صورت حال پیدا کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو موسٹ فیورٹ قرار دینا امریکہ انڈیا اور افغانستان کی سٹرٹیجک پارٹنر شپ کے منصوبے کا حصہ ہے۔