لاہور(سپورٹس رپورٹر) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے سابق چیف ایگزیکٹو ہارون لورگٹ نے کہا ہے کہ پاکستان پریمیئر لیگ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لئے مدد گار ثابت ہو گی تاہم پی سی بی کو اس لیگ کے انعقاد کے لئے ابھی بہت کچھ کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قذافی سٹیڈیم لاہور میں چیئرمین پی سی بی چوہدری ذکاءاشرف کے ساتھ خصوصی ملاقات کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پریمیئر لیگ میں شرکت کے لئے جب غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آئیں گے دیگر کرکٹ بورڈز میںاچھا تاثر جائے گا۔ چیئرمین پی سی بی نے پریمیئر لیگ کے انعقاد کے سلسلہ میں مدد مانگی تھی لہذا میں سپانسر شپ، براڈ کاسٹنگ اور کھلاڑیوں کے معاہدہ کے لئے کردار ادا کروں گا۔ توقع کرتا ہوں کہ پا پی سی بیپریمیئر لیگ کے انعقاد میں کامیاب ہو جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں سابق چیف ایگزیکٹو آئی سی سی کا کہنا تھا کہ گذشتہ سال پاکستان کرکٹ بورڈ کو انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لئے جو تجاویز دی گئی تھی لازمی نہیں تھا کہ پی سی بی ان تمام پر عملدرآمد کرتا تاہم پی سی بی ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لئے اچھے اقدامات اٹھا رہا ہے۔