لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعةالدعوة حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ 20 امریکی ریاستوں کا علیحدگی کی درخواستیں دائر کرنا نقطہ آغاز ہے، نہتے مسلمانوں پر بارود برسانے والے امریکہ کو ٹوٹنے سے اب کوئی نہیں بچا سکے گا، مسلمانوں کی قربانیوں کے نتیجہ میں روس کی طرح امریکہ بھی جلد بکھر جائے گا، قومیں اسلامی اخلاق کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتیں۔ مسلمانوں کی قربانیوں کے نتیجہ میں امریکی سرمایہ دارانہ نظام اور ڈھانچے بکھر رہے ہیں، مسلم حکمران کفار کی ذہنی غلامی سے نکلیں، امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے خطہ سے نکلنے کے بعد بھارت بھی مقبوضہ کشمیر میں نہیں ٹھہر سکے گا، مظلوم کشمیریوں کی مددوحمایت جاری رکھیں گے، کارکن ملک کے کونے کونے میں جاکر دین اسلام کی دعوت پہنچانے کا فریضہ سرانجام دیں۔ مرکز القادسیہ چوبرجی میں سیمینار سے تحریک آزادی جموں کشمیر کے چیئرمین حافظ سیف اللہ منصور، مفتی عبدالرحمن عابد، مولانا ابو الہاشم، مولانا محمد ادریس فاروقی، ثناءاللہ فاروقی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ اسلام دشمن قوتیں دنیا بھر سے اسلام اور مسلمانوں کا خاتمہ کرنے پر تلی ہوئی ہیں۔ آزادی اظہار رائے کے نام پر اوباما اور صلیبیوں و یہودیوںکے مذہبی پیشوا گستاخوں کی پشت پناہی کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہا امریکہ اور اس کے اتحادیوں کو دنیا کے جس خطہ سے بھی اسلام کی ابھرتی ہوئی قوت دکھائی دیتی ہے وہ وہاں پر بارود برسانا اور ڈرون حملے کرنا شروع کر دیتے ہیں۔ دشمنان اسلام مسلمانوں کو صرف نماز، روزہ تک محدود رکھنا چاہتے ہیں۔ سیاست، معیشت و معاشرت سمیت مسلمانوںکا ہر عمل نبی اکرم کی سنت کے مطابق ہونا چاہئے۔ ہمارے انفرادی و اجتماعی امور میں سیرت رسول کی جھلک نظر آنی چاہیے۔ پاکستان لا الٰہ الا اللہ کی جاگیر ہے۔ یہ ملک ایک نظریے اور کلمہ طیبہ کی بنیاد پر حاصل کیا گیا تھا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلمان فرقہ واریت اور پارٹی بازی ترک کرتے ہوئے اس آفاقی کلمہ کی چھتری تلے جمع ہو جائیں۔