لاہور/ اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+ وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف نے کہا ہے عوام کے مسائل کو حل کرنے کا پروگرام اور عزم رکھتے ہیں عوام نے موقع دیا تو انہیں مایوس نہیں کرینگے‘ مسلم لیگ (ن) انتخابات میں کسی کےلئے میدان کھلا نہیں چھوڑے گی اور صاف دامن اور مضبوط امیدواروں کیساتھ مقابلہ کریں گے‘ عوام اپنے ووٹ کی طاقت کو سمجھیں اور اپنے مستقبل کی باگ ڈور سیاسی جماعتوں کے ہاتھ میں دینے سے قبل انکا ٹریک ریکارڈ ضرور دیکھیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق رکن قومی اسمبلی وسینیٹر میاں غلام عباس قریشی‘ سابق سینیٹر میجر (ر) امجد عباس اور سابق ٹکٹ ہولڈر میاں ارشد عباس قریشی سے رائیونڈ میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مزید براں ان سے بھارتی صوبہ بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار اور تحریک انصاف کے سابق مرکزی نائب صدر خواجہ محمد خان ہوتی نے اپنے صاحبزادے عمر فاروق کے ساتھ ملاقات کی۔ اس موقع پر ملک کی سیاسی اور انتخابی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ نواز شریف نے غلام عباس قریشی‘ امجد عباس‘ ارشد عباس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اصولی سیاست کی جتنی مثالیں مسلم لیگ (ن) نے پیش کی ہیں دوسری کسی جماعت میں اسکی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے آئین و قانون کی بالا دستی نا گزیر ہے اور انشاءاللہ اقتدار میں آکر اس کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ (ن) عوام کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور ان کے حل کا پروگرام اور ایماندار ٹیم بھی رکھتی ہے انشاءاللہ مضبوط اور صاف دامن امیدواروں کیساتھ میدان میں اتریں گے۔ خواجہ محمد خان ہوتی اور عمر فاروق کی ملاقات کے دوران مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل اقبال ظفر جھگڑا، سابق وزیراعلیٰ خیبر پی کے سردار مہتاب خان ایم این اے، صدر خیبر پی کے پیر صابر شاہ، سنیٹر پرویز رشید، جنرل (ر) صلاح الدین ترمذی اور امیر مقام بھی موجود تھے۔ ذرائع نے بتایا خواجہ محمد خان ہوتی اور ان کے صاحبزادے مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو گئے ہیں تاہم انہوں نے اس کا باضابطہ اعلان کسی اور وقت کیلئے اٹھا رکھا ہے۔ وقائع نگار خصوصی کے مطابق نواز شریف نے عوامی جمہوریہ چین کی کمیونسٹ پارٹی کی نئی قیادت کے انتخاب پر چینی عوام کو مبارکباد دی ہے اورکہا ہے نئی نسل کو پر امن اور ہموار طریقے سے قیادت کی منتقلی عظیم چینی قوم کے لازوال اتحاد اور پارٹی سر براہان کی ذہانت اور سیاسی پختگی کا ٹھوس ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ (ن) کو گزشتہ کئی دہائیوں سے چین کی کمیونسٹ پارٹی کے ساتھ شاندار اور برادرانہ تعلقات کا اعزاز حاصل ہے اور ہم اس تاریخی موقع پرانہیں مبارکباد پیش کرتے ہےں۔ مسلم لیگ (ن) اپنے ملک کی عوام کے شانہ بشانہ کمیونسٹ پارٹی کی اس نئی دوراندیش اور ولولہ انگیز قیادت کوخوش آمدید کہتی ہے جس کے بانی قائدین نے دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعلقات کی بنیاد رکھی تھی اور امید کرتی ہے نئی قیادت کے تحت عظیم چینی قوم اپنے عروج اور کامیابی کے سفر کو جاری و ساری رکھے گی۔ نواز شریف نے کہا انہیں زی جن پنگ کے کمیونسٹ پارٹی کے جنرل سیکرٹری منتخب ہونے پر خاص طور پرخوشی ہوئی ہے اور وہ جنوری 2010ءمیںاپنے دورہ بیجنگ کے دوران ان سے ملاقات کا شرف بھی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا وہ آنے والے برسوں میںچین کی نئی قیادت کی مزید کامیابی کے لئے دعا گو ہیں۔آن لائن کے مطابق نواز شریف نے بہار کے وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا خطے میں ترقی اور استحکام کے لئے پاکستان اور بھارت کے درمیان وفود کے تبادلے اور بڑھتے ہوئے تجارتی تعلقات خوش آئند ہیں۔ موجودہ دنیا معیشت کی دنیا ہے۔ دونوں ملکوں کی معیشت مضبوط ہوگی تو اس سے دونوں ممالک کے عوام کا معیار زندگی بہتر ہوگا اور اُنہیں ایک خوشحال ماحول میسر آسکے گا۔ اس لئے ضروری ہے دونوں ممالک حل طلب مسائل مذاکرات کی میز پر حل کریں۔ نواز شریف نے اس موقع پر بہار کے وزیراعلیٰ کی اپنے صوبے میں قانون کی بالادستی، انفرا سٹرکچرکی فراہمی، اقتصادی ترقی اور سالانہ گروتھ ریٹ میں اضافے کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔ صوبہ بہار کے وزیراعلیٰ نے کہا وہ پاکستان آکر بہت خوش ہوئے ہیں اور پنجاب میں مختلف ترقیاتی منصوبوں اور گُڈ گورننس کے بارے میں جان کر اُنہیں خوشی ہوئی ہے۔ اُنہوں نے کہا دونوں ممالک معاشی شعبے میں باہمی تعاون کے ذریعے اقتصادی خوشحالی کی منزل پا سکتے ہیں۔