سیالکوٹ ڈویژن سے اقلیتی نشست پرمنتخب ہونے والے مسلم لیگ نون کے رکن صوبائی اسمبلی رانا محمد آصف کی اسمبلی رکنیت کورواں سال جولائی میں اس وقت چیلنج کردیا گیا تھا جب مالی بجٹ کیلئے پنجاب حکومت نے انہیں بحثیت وزیرخزانہ نامزد کیا۔ رانا آصف پر الزام عائد کیا گیا کہ وہ پاکستان کے ساتھ ساتھ کینڈا کے بھی شہری ہیں۔ عدالتی حکم پردو ماہ قبل کیس کی سماعت کے دوران رانا آصف کی اسمبلی رکنیت معطل کردی گئی اور جمعے کے روز چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی عدالت سے آنے والے اس کیس کے حتمی فیصلے پر نون لیگ کے صوبائی رکن کی اسمبلی رکنیت کا خاتمہ ہوگیا۔ یاد رہے کہ اعلی عدلیہ اس سے قبل پنجاب سے تعلق رکھنے والے پانچ ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کی رکنیت دوہری شہریت کے باعث ختم کرچکی ہے۔