کراچی: 3 افراد کی ٹارگٹ کلنگ، لیاری میں 2 گینگسٹر مارے گئے

Nov 16, 2014

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) شہر قائد میں ہفتہ کے روز فائرنگ کے واقعات میں 3 افراد جاں بحق پولیس مقابلے میں لیاری گینگ وار کے 2 ملزم مارے گئے۔ تفصیلات کے مطابق بنارس کے علاقے میں ولیکا ہسپتال کے قریب منشیات فروشوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 3 افراد عبداللہ، جنید اور واجد جاں بحق اور 2 شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں اور نعشوں کو فوری ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ زخمیوں کی حالت نازک بتائی گئی ہے دریں اثناءلیاری کے علاقے رانگی واڑہ میں پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں گینگسٹر بابا لاڈلا گروپ کے 2 کارندے طارق عرف بازاری اور ماجد گوگو مارے گئے۔ پولیس نے ملزموں کے قبضے سے برآمد ہونیوالا اسلحہ قبضے میں لے لیا ادھر ڈیفنس میں نامعلوم افراد نے سی آئی ڈی افسر خرم وارث کے گھر پر فائرنگ کر دی اور محافظوں کی جوابی فائرنگ پر فرار ہو گئے۔ گولیاں لگنے سے گھر کے دروازے اور گاڑی کو نقصان پہنچا۔ منگھو پیر اور لیاقت آباد میں ٹارگیٹڈ آپریشن کے دوران رینجرز نے 12 جرائم پیشہ عناصر کو حراست میں لے لیا ادھر کراچی سے ثناءنیوز آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے پولیس اہلکاروں کو رات کے وقت سڑکوں پر موبائل میں نہ بیٹھنے کی ہدایت کر دی۔ سندھ پولیس کے ترجمان کے مطابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کی زیر صدارت سنٹرل پولیس ہیڈ آفس کراچی میں اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ پولیس موبائلز میں آگ بجھانے والے سلنڈرز رکھے جائیں گے جبکہ اہلکاروں کو ڈیوٹی پر آنے جانے کے دوران وردی نہ پہننے کی بھی ہدایت کی گئی۔ اجلاس کے دوران اعلیٰ افسروں نے پولیس موبائلوں پر حملوں کی وڈیو ریکارڈنگ کا بغور مشاہدہ کیا اور ان کی مدد سے ملزموں کی گرفتاری پر زور دیا۔ اجلاس کے دوران رات کے اوقات میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے پولیس نائٹ پٹرولنگ شیڈول ترتیب د یا گیا جس کے تحت ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز، ایس پیز اور ایس ڈی پی او رات کے اوقات میں گشت کی نگرانی کریں گے۔
کراچی

مزیدخبریں