واشنگٹن (آئی این پی) امریکی نشریاتی ادارے’’بلوم برگ‘‘ نے دعوی کیا ہے کہ پاکستان اور چین جے ایف تھنڈر لڑاکا طیارے کسی دوسرے ملک کو فروخت کرنے کے معاہدے کے قریب ہیں، مشرق وسطیٰ کے ملک کے ساتھ معاہدہ حتمی مرحلے پر ہے، وہاں کی سیاسی صورت حال معاہدے کے التوا کا سبب بن رہی ہے، 10 ممالک سے اس سلسلے میں مذاکرات میں کافی پیشرفت ہو چکی ہے۔ امریکی نشریاتی ادارے’’بلوم برگ‘‘ نے اپنی رپورٹ میں دعوی کیا ہے کہ چین میں ائر شو کے موقع پر پاک فضائیہ کے ائر کموڈور نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ کے ایک ملک سے بات چیت حتمی مراحل میں ہے تاہم انہوں نے اس ملک کانام نہیں بتایا۔ پاکستان اور چین کے تیار کردہ لڑاکا طیاروں کا ممکنہ وہ ملک پہلا غیر ملکی خریدار ہوگا۔ پاکستان ائر فورس اور چین کی نیشنل ائرو ٹیکنالوجی امپورٹ اینڈ ایکسپورٹ کارپوریشن کی مشترکہ سیلز ٹیم جے ایف 17 تھنڈر کی فروخت کیلئے10 دیگر ممالک کے ساتھ بات چیت بھی جاری ہے۔ جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیارے چین کے ان کئی طیاروں میں شامل ہیں جنہیں وہ برآمد کرنے کا خواہاں ہے۔ جے ایف تھنڈر میں دو انجن نصب ہیں جسے پاکستان ائروناٹیکل کمپلیکس اور چینگدو ائرکرافٹ کارپوریشن مشترکا طور پر تیار کیا۔ ائر کموڈور نے کہا ہے کہ ہم جیٹ کی فروخت کے لئے افریقہ، ایشیا، مشرق وسطی اور جنوبی امریکہ میں کلائنٹس کے ساتھ مذاکرات میں کافی پیشرفت کر چکے ہیں تاہم انہوں نے کسی ملک کا نام نہیں لیا۔