واشنگٹن (این این آئی) پاکستان نے بین الاقوامی برادری کو باور کرایا ہے جنوبی ایشیا میں جوہری ہتھیاروں کو متعارف کرانے کا ذمہ دار پاکستان نہیں بھارت ہے۔ امریکہ میں موجود پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں امریکی میڈیا کی اس بات کو مسترد کیا گیا ہے جس میں کہا گیا تھا پاکستان غیر ذمہ دارانہ طور پر جوہری ہتھیاروں میں اضافہ کررہا ہے۔ بیان میں کہا گیا خطے میں جوہری ہتھیاروں کو متعارف کرانے میں بھارت نے پہل کی تھی، پاکستان نے جنوبی ایشیا میں جوہری ہتھیاروں کو متعارف کرانے میں پہل نہیں کی۔ پاکستانی سفارت خانے کے مطابق بھارت ایٹمی مواد کی پیداوار پر کام کررہا ہے اور بڑے پیمانے پر جوہری ہتھیار بنانے کے لئے ایٹمی مواد کی خریداری بھی کررہا ہے۔ پاکستانی سفارت خانے نے عالمی برادری کو یہ بھی یاد دہانی کرائی ہے کہ پاکستان کی جانب سے بھارت کو کئی دہائیوں سے محدود جوہری ہتھیاروں کے حوالے سے پیش کش کی جاتی رہی ہے۔سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق پاکستانی سفارتخانے نے امریکی اخبار نیویارک ٹائمز میں گزشتہ دنوں شائع ہونے والے ادارئیے میں ان بھارتی الزامات کو مسترد کردیا ہے جن میں پاکستان کوغیر ذمہ دار ملک کے طور پر دکھانے کی مکروہ کوشش کی گئی۔