کراچی (این این آئی+ آئی این پی) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ عمران خان کی تحریک انصاف تیسری قوت بننے میں ناکام ہوگئی ہے۔ موجودہ بلدیاتی انتخابات میں ان کی ناکامی اس بات کا ثبوت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنی رہائشگاہ پر آل پاکستان مسلم لیگ کی مرکزی مجلس عاملہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، مسلم لیگ کے دھڑوں کے انضمام اور تنظیمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں 2018ء میں ہونے والے عام انتخابات میں بھرپور حصہ لینے جبکہ بلدیاتی انتخابات کے بعد ملک گیر رابطہ مہم شروع کرنے سمیت پارٹی کی مکمل تنظیم نو کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پرویز مشرف نے کہا کہ اے پی ایم ایل ملک میں تیسری سیاسی قوت بن کر ابھرے گی اور ملک کے عوام کو مسائل سے نجات دلانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے گی۔ مسلم لیگی دھڑوں نے اے پی ایم ایل میں شمولیت کی یادداشت پر دستخط کردیئے ہیں۔ دستخط کرنے والوں میں پاکستان مسلم لیگ ہم خیال اور مسلم لیگ (ن) کا ایک بڑا دھڑا سردار ذوالفقار کھوسہ کی قیادت میں شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مسلم لیگ فنکشنل، (ق) لیگ سمیت مختلف جماعتوں نے مسلم لیگ کے دھڑوں کے اتحاد کے حوالے سے رابطے کئے ہیں۔ پرویز مشرف نے کہا ہے کہ اے پی ایم ایل 2018ء کے عام انتخابات میں نہ صرف بھرپور حصہ لے گی بلکہ تیسری سیاسی طاقت بن کر ابھرے گی‘ عوام کومسائل سے نجات دلانے کیلئے آل پاکستان مسلم لیگ اپنا کردار ادا کرے گی۔