میانوالی: عمران کے خطاب کے دوران مسجد کی چھت گر گئی، ایک شخص زخمی ناراض کارکنوں کا سیاہ پرچم لہرا کر احتجاج

Nov 16, 2015

میانوالی (نامہ نگار) موسیٰ خیل مین روڈ پر مسجد کی چھت لوگوں کے چڑھنے پر گر گئی۔ مسجد کے اندر کسی کے موجود نہ ہونے کی وجہ سے کوئی زخمی نہیں ہوا۔ مسجد کے اوپر موجود ایک شخص معمولی زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ ریسکیو 1122 کے نوجوان جو موسیٰ خیل عمران خان چیئرمین تحریک انصاف کی موسیٰ خیل آمد کے موقع پر موجود تھے موقع پر پہنچ گئے۔ لوگ عمران کا خطاب سننے کے لئے چھت پر چڑھے ہوئے تھے۔ () ٭…بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی میانوالی کے علاقہ موسیٰ خیل آمد پر جوانوں نے جھنڈے لہرا کر ان کا استقبال کیا ٭…نوجوان اور ورکرز تحریک انصاف کے گیتوں پر دھمال ڈالتے رہے۔ رش کی وجہ سے ٹریفک کی روانی کافی متاثر ہوتی رہی ٭…تحریک انصاف سے فارغ کئے جانے والے کچھ سابقہ عہدیداران اور ورکرز کو تحریک انصاف کے ٹکٹ نہ ملنے پر وہ اپنے چند حمایتیوں کے ساتھ سیاہ جھنڈیاں لہرا لہرا کر اور ضلعی آرگنائزر کے خلاف نعرے بازی کر کے احتجاج کرتے رہے ٭…ضلعی آرگنائزر کے خلاف نعرے لگانے پر ضلعی آرگنائزر کے بھی وہاں پر موجود سینکڑوں ورکرز اور حمایتی ضلعی آرگنائزر کے حق میں نعرے لگاتے رہے۔ اس احتجاج کی وجہ سے عمران خان کی ریلی کافی دیر آگے چھدرو چوک کی طرف روانہ نہ ہو سکی۔ آخر عمران خان نے گاڑی پیجارو کی چھت سے نکل کر ان کے استقبال کیلئے آنے والوں کا شکریہ ادا کیا ٭…واں بھچراں جہاز چوک پر واں بھچراں کے عوام نے ہزاروں کی تعداد میں ان کا شاندار استقبال کیا ٭…حافظ والا میں بھی عمران خان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ امیدواران، عہدیداران، ورکرز اور عوام بہت بڑی تعداد میں موجود تھی ٭…انہوں نے کہا کہ الیکشن کمشن کو تمام پولنگ سٹیشنوں پر سی سی کیمرے نصب کرنے چاہئیں۔ 

مزیدخبریں