اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف کی جانب سے وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین کی سربراہی میں گڈانی حادثے کی انکوائری کیلئے قائم کمیٹی نے اپنی انکوائری رپورٹ وزیراعظم آفس میں پیش کردی ہے۔ کمیٹی نے گڈانی میں کام کرنے والے مزدوروں کے تحفظ کے اقدامات کو ناکافی قرار دیا ہے اور تجویز دی ہے کہ حکومت کے ساتھ ساتھ جہاز کے مالک پر بھی یہ ذمہ داری ڈالی جائے وہ مزدورں کے تحفظ کے ہر ممکن انتظامات کو یقینی بنائے۔ کمیٹی نے یہ بھی سفارش کی ہے کہ چیف سیکرٹری بلوچستان کی سربراہی میں شپ ری سائیکلنگ بورڈ گڈانی تشکیل دیا جائے جو حکومت احکامات اور قوانین پر مکمل عمل درآمد کرائے متعلقہ اداروں کے ذمہ دار افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی، متاثرہ فیملی کے لئے معاوضوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔گڈانی حادثے کے بعد شپ بریکنگ کی سرگرمیاں تاحال بند ہیں۔ دفعہ 144 نافذ کئے جانے کے باعث تمام کمپنیوں نے کام روک رکھا ہے جبکہ مختلف کمپنیوں کے مالکان اور ٹھیکیدار سخت پریشان ہیں۔ شپ بریکنگ کے کام سے وابستہ کاروباری افراد نے اس مسئلے کو جلد حل کرنے اور کاروبار جاری رکھنے کی اجازت دینے اور تحفظ فراہم کرنے پرزور دیا ہے۔
گڈانی حادثہ، مزدوروں کے تحفظ کے اقدامات ناکافی تھے، انکوائری کمیٹی کی رپورٹ پیش شپ بریکنگ سرگرمیاں تاحال شروع نہ ہو سکیں
Nov 16, 2016