ننکانہ: بابا گورو نانک کے جنم دن کی تقریبات اختتام پذیر، سکھ یاتری حسن ابدال روانہ

Nov 16, 2016

ننکانہ صاحب (نامہ نگار) ننکانہ صاحب میں بابا گورونانک کے 548ویں جنم دن کی تقریبات اختتام پذیر ہوگئیں۔ بھارت سمیت دنیا بھر سے آنے والے ہزاروں سکھ یاتری ننکانہ صاحب سے خصوصی ٹرینوں کے ذریعے گورودوارہ پنجہ صاحب (حسن ابدال) روانہ ہوگئے سکھ یاتریوں کو گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب سے خصوصی بسوں کے ذریعے ریلوے سٹیشن پہنچایا گیا۔ ننکانہ صاحب سے روانگی کے موقع پر سکھ یاتریوں کی آنکھیں نم تھیں اور وہ بار بار اپنے مذہبی نعرے لگا رہے تھے ریلوے سٹیشن پر سکھ یاتریوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ننکانہ صاحب ہمارے گورونانک کی جائے پیدائش ہونے کی وجہ سے پوری سکھ قوم کا دنیا بھر سے مقدس شہر ہے ہمارا یہاں سے جانے کو دل نہیں کر رہا۔ ننکانہ صاحب آکر ہمیں جو ذہنی اور دلی سکون ملتا ہے وہ پوری دنیا کو کسی بھی کونے میں نہیں ملتا انہوں نے کہا کہ ننکانہ صاحب کے عوام بہت ہی ملنسار اور پیار کرنے والے ہیں یہاں کی عوام اور حکومت نے ہماری جس طرح سے آئو بھگت کی ہے اسے ہم کبھی بھی فراموش نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہے دنیا کے کسی بھی کونے میں کیوں نہ رہیں ہمارے دل ننکانہ صاحب میں ہی دھڑکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں انڈیا میں ڈرایا جاتا تھا کہ پاکستان کے حالات ٹھیک نہیں ہیں۔ آپ پاکستان نہ جائیں مگر جب ہم پاکستان پہنچے تو ہمیں یہاں کوئی بھی خوف یا خطرہ محسوس نہیں ہورہا بلکہ ہم پاکستان میں خود کو انڈیا سے بھی زیادہ محفوظ محسوس کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہمارے (گوردواروں) کی جس احسن طریقے سے دیکھ بھال کی جارہی ہے اس پر پوری سکھ قوم حکومت پاکستان کی مشکور ہے۔

مزیدخبریں